ایران‘ سعودیہ کشیدگی امت اور دونوں ملکوں کے مفاد میں نہیں: علامہ زبیر ظہیر
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سر براہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ مکہ اور مدینہ مسلمانوں کی محبت اور عقیدت کے مر اکز ہیں انکی فضیلت اور عظمت کل کائنات سے بھی زیادہ ہے۔ حرمین الشریفین کی محبت بھی مسلمانوں کے دلوں میں قیامت تک موجود رہے گی۔ ایران اور سعودی عرب میں کشیدگی امت مسلمہ اور دونوں ممالک کے مفاد میں نہیں ایران کو چاہیے کہ وہ سعودی وزیر خارجہ کے بیان کے مطابق معاملات حل کرے تاکہ اسلام دشمن قوتوں کے ایجنڈے کو ناکام بنایا جا سکے۔ وہ جامع مسجد توحید میں کانفر نس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر سید طالب الر حمن شاہ زیدی'پیر سید ولی اللہ شاہ بخاری 'مولانا محمدعثمان شاکر'مولانا عبدالستار نیازی 'مولانا محمد اصغر اور مولانا محمد عبد اللہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ مکہ مدینہ کے تقدس کی حفاظت کیلئے ہر مسلمان بڑی سے بڑی قر بانی دینے کو تیار ہے اور سر زمین مکہ مدینہ پر کسی قسم کی گستاخی اور توہین برداشت نہیں کی جا سکتی ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ حوثی باغی ہو یا کوئی اور جو بھی شر مناک حر کت کر یگا اس کو بھر پور جواب ملے گا۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ امت مسلمہ متحد ہوجائے۔ حرمین الشریفین کا تحفظ امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے جس کو ہم ہر صورت پورا کر یں گے اور کسی قر بانی سے دریغ نہیں کر یں گے۔