عوام کو ریلیف صرف عمران کے رخصت ہونے پر ملے گا: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کے اقدامات کو ڈرامہ اور عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب عوام کو ریلیف اب صرف آپ کے رخصت ہونے سے ملے گا۔ اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب پہلے آپ تو منافع خوروں کو چھوڑیں، انہیں کابینہ اور بڑے عہدوں سے نکالیں؟ اگر منافع خوروں، ذخیرہ اندازوں قبضہ مافیا سے پیچھا چھڑانا ہے تو سب سے پہلے عمران خان سے پیچھا چھڑانا پڑے گا۔ پاکستان کے عوام آپ کی نالائق، نااہلی، جھوٹ اور کرپشن کی مزید متحمل نہیں ہوسکتی۔ عمران صاحب عام آدمی کی زندگی مشکل بنانے میں آپ اور آپ کی حکومت نے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ سارے مافیا اور منافع خور آپ کے دائیں بائیں بیٹھے ہیں۔ عمران صاحب آٹا‘ چینی مافیا نے آپ کے حکم پر ملک میں بحران پیدا کیا۔ عمران صاحب اپنے ڈرامہ بازی والے بیانات سے آپ عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے۔ مریم اورنگزیب نے فردوس عاشق اعوان کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ لفظوں کے ہیر پھیر سے کرپشن نہیں چھپ سکتی۔ ٹرانسپیرنسی انٹر نیشنل نے جو حقائق شائع کرنے تھے کر دیئے۔ ترجمانوں کے آئیں بائیں باتیں کرنے سے حقائق نہیں بدل سکتے۔