بلاول سنٹرل پنجاب میں سیاسی سرگرمیاں آئندہ ماہ شروع کرینگے: کائرہ
لاہور (نامہ نگار) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سنٹرل پنجاب میں اپنی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے بتایاہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری فروری کے آخری ہفتہ میں ساہیوال ڈویژن سے اپنے دورے کا آغاز کریں گے۔ وہ ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن میں ورکرز کنونشنز جبکہ اوکاڑہ میں کسان کنونشن سے بھی خطاب کریں گے۔ لاہور میں وہ ویمن کنونشن، یوتھ کنونشن اور طلباء کنونشن سے بھی خطاب کے علاوہ میڈیا کنونشن اور ڈسٹرکٹ کے ورکرز کنونشن سے بھی خطاب کریں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ساہیوال ڈویژن کے اضلاع اوکاڑہ، پاکپتن اور ساہیوال کی ڈسٹرکٹ بارز سے بھی خطاب کریں گے۔ گوجرانوالہ، گجرات ااور منڈی بہاؤ الدین کے اضلاع میں بھی ورکرز کنونشن سے بھی خطاب کریں گے۔ جہلم میں بھی کسان کنونشن سے خطاب کریں گے جبکہ گوجر خان میں وفود سے ملاقاتیں کریں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پنجاب کے مختلف اضلاع کے دوروں پر وہاں ایک رات قیام بھی کریں گے۔ سیالکوٹ سے آئی این پی کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر چوہدری قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ موجودہ حکومت غریب آدمی سے روٹی کا نوالہ چھین رہی ہے، روزبروز اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں حکومت سنجیدہ نہیں ان خیالات کااظہارانہوں نے پیپلز پارٹی تحصیل سمبڑیال کے صدر جاوید اقبال مغل، جنرل سیکرٹری شیخ طاہر دانش سمیت دیگر سے دوران ملاقات گفتگوکرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت تباہ ہوچکی ہے اس وقت عوام کو آٹا تک میسر نہیں۔ عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے کوئی سنجیدہ حکمت عملی نہیں اپنائی جارہی۔