سلیکٹڈ حکومت اور پاکستان ایک ساتھ مزید نہیں چل سکتے: حیدر ہوتی
بٹ خیلہ (آئی این پی) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر اور سابق وزیراعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ عمران خان نیازی سے اتحادی اور ساتھیوں کے علاوہ انہیںعوام پر مسلط کرنے والے بھی ناراض ہوگئے ہیں، سلیکٹڈ حکومت اور پاکستان ایک ساتھ مزید نہیں چلے گا، فوری طور پر پاک و شفاف انتخابات کرکے اقتدار حقیقی عوامی نمائندوں کے حوالے کی جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ظفرپارک بٹ خیلہ میں باچا خان اور ولی خان کی برسی کی مناسبت سے منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایمانداری کی ٹھیکدار وں نے ایک دوسرے پر چورچورکے الزامات کا سلسلہ شروع کیا ہے جس سے ثابت ہورہا ہے کہ پی ٹی آئی میں سب چور اکھٹے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ دوسروں کی تلاشی لینے والے اب فارن فنڈنگ، بی آر ٹی اور مالم جبہ سکینڈل پر تلاشی دینے کے لئے تیار ہوجائیں، جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ موجودہ حکمران اٹھارویں ترمیم کو ملک کی معیشت کے لئے خطرہ قرار دے رہے ہیں مگر انہیں خبردار کرتا ہوں کہ اٹھارویں ترمیم سے واپسی ملک کے لئے خطرہ ہوگا اس لئے اسے نہ چھیڑا جائے۔ مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے، حکمران جماعت کے ممبران آپس میں لڑ پڑے ہیں کارکن نئی الیکشن کی تیاری کریں۔ اگر اے این پی قائدین کی باتوںکو ابتداء میں تسلیم کیا جاتا تو آج نہ پاکستان میں بدامنی ہوتی اور نہ افغانستان میں امریکہ ہوتی، انہوں نے کہا کہ صوبہ میں تین وزرا کی کرپشن میںبرطرف ہونے کی باتیں آگئی ہے مگر اس مرتبہ عمران خان کے جانے کی باری ہے۔