مسلم لیگ ن کے 50سے زائد ارکان اسمبلی مسلسل رابطے میں ہیں: فیاض چوہان
لاہور(نیوز رپورٹر) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی طرف سے پی ٹی آئی کے 20 ممبران اسمبلی کے فارورڈ بلاک بنانے کی خبریں گزشتہ روز دم توڑ گئیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی افواہیں پھیلا کر اپوزیشن صرف اپنی دل پشوری کر رہی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ن لیگ کے 50 سے زائد ارکانِ اسمبلی عرصہ دراز سے پی ٹی آئی سے مستقل رابطے میں ہیں۔ بزدار حکومت جب چاہے انہیں پی ٹی آئی میں شامل کر سکتی ہے لیکن ایسی ادھیڑ پن کی سیاست پی ٹی آئی کا وطیرہ نہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ تمام ارکان نے آج وزیراعظم عمران خان اور وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کر کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور انکی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے فارورڈ بلاک کی تمام افواہوں کا قلعہ قمع کر دیا۔ وزیرِ اطلاعات نے مزید کہا کہ میری گزارش ہے اپوزیشن اور دماغ کی بجائے جیب سے سوچنے والے کچھ تجزیہ نگار سردار عثمان بزدار کے آنے اور جانے کے الٹی میٹم دینے کی بجائے کسی اہم قومی مسئلے پر اپنا وقت صرف کریں۔ پنجاب کے وزیرِاعلی سردار عثمان بزدار تھے، ہیں اور رہیں گے۔