ٹرانسپیرنسی کی وضاحت پر مسلم لیگ (ن)‘ پیپلز پارٹی کو سانپ سونگھ گیا: مسرت چیمہ
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو حکومتی اور اتحادی اراکین کا مکمل اعتماد حاصل ہے اور صوبہ بھر کی انتظامیہ وزیراعلیٰ کی ٹیم کے طور پر اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہے۔ جن جماعتوں کی اپنی قیادت علاج کے نام پر بیرون ملک فرار ہے اس کے رہنماؤں کی جانب سے دوسری جماعت کے اراکین کیساتھ رابطوں کا دعویٰ انتہائی مضحکہ خیز ہے۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی وضاحت کے بعد نواز لیگ اور پیپلز پارٹی کے نام نہاد دانشوروں کو سانپ سونگھ گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ترجمان حکومت پنجاب مسرت چیمہ نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے اتوار کو لاہور میں اراکین اسمبلی سے ملاقاتوں میں انہیں یقین دہانی کرائی کہ ترقیاتی کاموں کے حوالے سے کسی علاقے کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔