ساڑھے 24 لاکھ کے 10 ڈاکے، سندر میں مسافروں سے بھری بس لوٹ لی گئی
لاہور(نامہ نگار) ڈاکوؤں اور چوروں نے شہرکے مختلف علاقوں میں18وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں ، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا، سندر میں مسافروں سے بھری بس لوٹ لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے سندرکے علاقہ میں انوار کے گھر گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر ساڑھے6لاکھ روپے، مسلم ٹائو ن میں امجد کے گھر سے 5 لاکھ 30 ہزار، چو ہنگ میں پرویز کے گھر سے4لا کھ 10ہزار، نواب ٹائون میں محبوب اور اس کی فیملی سے 4 لاکھ روپے، نصیرآباد میں ماجد اور اس کی فیملی سے2لاکھ 60 ہزار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات موبائل فون و دیگر سامان لوٹ لیا۔ باٹا پو ر میںجہا نز یب سے ایک لاکھ13ہزار روپے ، نواب ٹائون میں ایوب سے 65 ہزار روپے، شاہدرہ میں فرہاد سے 23 ہزار روپے، موبائل فون اور موٹر سائیکل، کاہنہ میں سجاد سے 52 ہزار روپے اور موبائل فون، چوہنگ میں عباس سے8ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے گا رڈن ٹائون اور، مزنگ کے علاقوں سے دوگاڑیاں جبکہ راوی روڈ، جنوبی چھائونی، باغبانپو رہ، سبزہ زار، ستوکتلہ اورشادمان کے علاقوں سے پانچ موٹرسائیکلیں چوری کر لیں دریں اثناء سندر کے علاقے میں ٹھوکر سے چونیاں جانے والی بس کو ڈاکوئوں نے یرغمال بنا کر لوٹ لیا۔ ڈاکوئوں نے بس میں سوار تیس سے پینتس افراد سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، زیورات، موبائل فون و دیگر سامان لوٹ لیا۔ بس میں ڈاکو ٹھوکر سے سوار ہوئے اور مراکہ حسین دربار کے قریب واردات کی۔ ڈرائیور اکرام بس سے چھلانگ لگا کر موقع سے فرار ہوگیا۔ ڈرائیور کی 15 پر ڈکیتی کی اطلاع پر سندر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تمام مسافروں کو باحفاظت بازیاب کرا لیا۔ پولیس نے فرار ہونے والے ڈاکوئوں کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔