وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال صوبے میں بہترین حکومت کررہے ہیں، کارگردگی سے مطمئن : چیئرمین سینیٹ
اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال صوبے میں بہترین حکومت کررہے ہیں۔ ان کی کارگردگی سے مطمئن ہیں۔
اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو اور وزیراعلیٰ جام کمال کے درمیان معاملات حل ہوگئے۔ دونوں نے ایک دوسرے پر اعتماد اور نیک خواہشات کا اظہار بھی کردیا۔
گزشتہ دنوں اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام خان اور سینیٹر سرفراز بگٹی کے خلاف صوبائی اسمبلی میں تحاریک استحقاق جمع کرائی تھیں۔چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو سے ملاقات کی جس میں انہوں نے قدوس بزنجو کو رام کرلیا۔
چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر دفاع پرویز خٹک اور دیگر حکومتی شخصیات نے اسلام آباد میں عبدالقدوس بزنجو سے ملاقات کی اور ان کے مسائل و تحفظات سنے۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اور اسپیکر بلوچستان اسمبلی کے درمیان معاملہ حل ہوگیا ہے۔ جام کمال ہی بلوچستان کے وزیراعلیٰ رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی عوام کی پارٹی ہے۔ کسی بھی مسئلے کو مل بیٹھ کر حل کیا جاسکتا ہے۔ وزیراعلیٰ جام کمال بہتر حکومت کررہے ہیں، ان سے مطمئن ہیں۔
اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدلقدوس بزنجو نے کہا کہ تحفظات سننے پر تمام قائدین کا شکرگزار ہوں۔ جب گھر میں تحفظات ہوتے ہیں تو بڑے بیٹھ کر مسئلےحل کراتے ہیں۔ بلوچستان میں معاملات کو خوش اسلوبی سےحل کریں گے۔
وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ بلوچستان کامسئلہ حل ہوگیا۔ کے پی کے میں بھی اب کوئی ایشونہیں ہے۔ جنہوں نے مسئلہ بنایا تھا ان کے بارے میں فیصلہ ہوگیا ہے۔وزیر دفاع نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی اتحادیوں سے رابطے میں ہے۔ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا۔