تحصیل مری کے ہزاروں غریب متاثرین مضاربہ مالی مشکلا ت سے دوچار
مری(نامہ نگار خصوصی ) تحصیل مری کے ہزاروں غریب متاثرین مضاربہ شدیدمالی مشکلا ت سے دو چارمتاثرین مضاربہ نے چیف جسٹس آف پاکستان اورچیئرمین نیب سے ان کی زندگی بھر کی کمائی واپس کروانے کی دردمندانہ اپیل کی ہے،متاثرین مضاربہ جن میں بیوہ خواتین،بزرگ پنشنر،یتیم اور دیگر کئی سفید پوش لوگ شامل ہیں نے مری میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی زندگی بھر کی تمام جمع پونجی جن میں انکی بچیوں کے جہیز کی رقوم ،بزرگوں کی زندگی بھر کی کمائی اور یتیموں کا مال بھی شامل ہے مضاربہ والوں نے سبز باغ دکھا کر انکی کا کل اثاثہ لوٹ لیا تھا اس سلسلے میں انہوںنے بارہا اعلیٰ حکام سے بھی اپیلیں کیں مگر تاحال کوئی بھی کاروائی نہیں کی جاسکی اور نہ ہی انکی داد رسی کی گئی متاثرین نے کہا کہ وہ انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزاررہے ہیں اور انکے خاندانوں کی فاقہ کشی تک نوبت پہنچ چکی ہے اس مہنگائی کے دور میں انکا کوئی بھی پرسان حال نہیں انہوںنے چیف جسٹس آف پاکستان اورچیئرمین نیب سے اپیل کی ہے کہ انکی داد رسی کی جائے اورانکی لوٹی ہوئی جمع پونجی واپس دلانے کے اقدامات کئے جائیں انہوںنے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں فوری کاروائی کرکے غریبوں کی دعائیں لینگے۔