باہتر روڈ پر واقع ملٹی ریزیڈنشل آرچرڈ میں سیکورٹی کے ناقص انتظامات
باہتر (نامہ نگار)باہتر روڈ پر واقع ملٹی ریزیڈنشل آرچرڈ میں سیکورٹی کے ناقص انتظامات،ڈکیتی کی دلیرانہ واردات ملٹی کا رہائشی قیمتی گاڑی ،زیورات ،نقدی اور موبائل سے محروم، گیٹ پر سیکورٹی اہلکار تعینات ہونے اور موبائل گاڑی کے باوجود نقاب پوش مسلح نوجوان ڈکیتی کی واردات کر کے فرار، معروف رہائشی منصوبے میں ڈکیتی کی دلیرانہ واردات نے انتظامیہ کی طرف سے کیے گئے سیکورٹی انتظامات پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا دیگر رہائشی افراد عدم تحفظ کا شکار،سکول ٹیچر کی درخواست پر تھانہ صدر حسن ابدال میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز جھنگ باہتر روڈ پر پنڈبہادر خان کے قریب واقع معروف رہائشی منصوبے ملٹی ریذیڈنشل آرچرڈ کے رہائشی محکمہ تعلیم سے منسلک محمد اقبال ولد اللہ رکھا نامی شخص نے تھانہ صدر حسن ابدال میں تحریری درخواست دی ہے کہ میں اپنے گھرکوٹھی نمبری 2673 میں موجود تھا کہ میرے بیٹے باسم اقبال نے گھر کے باہر موجود گاڑی کو اندر کھڑا کرنے کی غرض سے گیٹ کھولا اور جونہی گاڑی اندر کی ساتھ ہی 25 سے 35 سالہ اُردو زبان بولنے والے تین نقاب پوش مسلح نوجوان اندر گھس آئے اور ہمیں اسلحے کی نوک پر یرغمال بنا کر گھر میں موجود مبلغ ایک لاکھ کے طلائی زیورات،94 ہزار روپے نقداور ہم سب کے پاس موجود تقریباََ 50ہزار روپے مالیت کے موبائل فونز چھین کر ہماری 18 لاکھ کی مالیتی ہنڈا گاڑی کی چابی اور رجسٹریشن بک زبردستی لیکر گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہو گئے سکول ٹیچر محمد اقبال کی درخواست پر تھانہ صدر حسن ابدال پولیس کے اے ایس آئی محمد اقبال نے زیر دفعہ 392 کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔