سپریم کورٹ میں سارا زور میرے خلاف لگایا جارہا ہے، عوام جب تک ساتھ ہیں فیصلے کچھ نہیں بگاڑ سکتے: نوازشریف
جڑانوالہ: سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے 5سال میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ پورا کر دیا ہے۔ مجھے بیٹے سے پیسے نہ لینے پر نکال دیا گیا۔ ایک جلسہ لاہور میں خالی کرسیوں کا ہوا تھا۔ عوام نے میری نااہلی کا فیصلہ مسترد کر دیا۔ جڑانوالہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا مشرف نے مارشل لاءلگاکر ملک تباہ کر دیا۔ سپریم کورٹ میں سارا زور نوازشریف کے خلاف لگایا جا رہا ہے۔ جب تک اللہ اور عوام ساتھ ہیں‘ فیصلے کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔ مجھے عوام نے وزیراعظم بنایا کوئی اور نہیں نکال سکتا۔ کہتے ہیں نوازشریف کو پارٹی صدارت سے بھی ہٹا دو۔ اگرمجھے ہٹایا گیا تو قوم خود نوٹس لے گی۔ انہوں نے دھرنوں‘ انتشار‘ جھوٹ کے سوا کچھ نہیں کیا۔ میرا عوام سے محبت کا رشتہ کوئی نہیں توڑ سکتا۔ عوام کا فیصلہ ہمیشہ حتمی ہوتا ہے۔ عوام کا ووٹ کاتقدس پامال نہیں ہونے دینگے۔ میرے دور میں حملے بند ہوگئے تھے اب یہ سلسلہ پھر شروع ہو گیا ہے۔ مجھے کہا گیا کہ گھر چلے جاﺅ‘ بیٹے کی تنخواہ نہ لینا بھی باپ کا بھلا کوئی جرم ہے۔ انہوں نے کہا ہم بجلی دوسرے ملکوں کو بیچنا چاہتے تھے‘ ملک ترقی کر رہا تھا‘ سکول‘ یونیورسٹیاں بن رہی تھیں۔ اس وقت مشرف نے آکر مارشل لاءلگایا اور پاکستان کا ستیاناس کر دیا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا نواز شریف سے 3 نسلوں کا حساب لیا گیا لیکن پھر بھی اس کیخلاف ایک پیسے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔ پانامہ میں نواز شریف کا نام نہیں تھا لیکن انہیں پھر بھی نکال دیا گیا۔ انہوں نے اہل جڑانوالہ سے استفسار کیا کہ جہاں منتخب وزیر اعظم کو نکال دیا جائے کیا ایسا پاکستان چاہئے؟ جہاں عوام کے ووٹوں کی اہمیت نہ ہو کیا ایسا پاکستان منظور ہے؟ جہاں آئین توڑنے والے مشرف کو عدالت میں بلانے کی جرا¿ت نہ ہو کیا ایسا پاکستان منظور ہے؟ کیا ایسا پاکستان چاہئے جہاں سزا پہلے ملے اور مقدمے بعد میں بنیں؟ مریم نواز نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ عدل کی بحالی کی تحریک میں نواز شریف کا ساتھ دیں۔ عوام کی عدالت سب سے بڑی عدالت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 70 سال میں ایک بھی وزیر اعظم نے مدت پوری نہیں کی۔