جوبلی انشورنس نیشنل ماسٹر اسنوکر چیمپئن شپ آج لاہور میں شروع ہو گی
لاہور (اسپورٹس رپورٹر)پاکستان ا سنوکراینڈ بلیئرڈ زایسوسی ایشن کے زیر اہتمام دوسری جوبلی انشورنس نیشنل ماسٹر ا سنوکر چیمپئن شپ آج ہفتہ سے چیمپئنز سنوکر اکیڈمی، جوہر ٹائون لاہور میں شروع ہو رہی ہے چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 40سال سے زائد العمر32 کھلاڑی لیگ سسٹم کی بنیاد پر شرکت کر رہے ہیںجن میں اسلام آباد سے دو ، پنجاب ، سندھ سے آٹھ آٹھ اور بلوچستان سے چھ کھلاڑی شامل ہیں، ان کھلاڑیوں کو آٹھ گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ لیگ رائونڈ کے اختتام پر ہر گروپ سے دو دو کھلاڑی پری کوارٹر فائنل رائونڈ کیلئے کوالیفائی کریں گے۔ اسلام آباد کی نمائندگی احمد نقوی اور ارشد قریشی کریں گے۔ چیمپئن شپ کے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر نوید کپاڈیہ کے مطابق دوسری ماسٹر چیمپئن شپ میں پاکستان کے پہلے ورلڈ اسنوکر چیمپئن محمد یوسف بھی حصہ لے رہے ہیں ۔پنجاب سے تعلق رکھنے والے ماسٹرز اسنوکر چیمپئن عمران شہزاد اپنے ٹائٹل کا دفاع کریں گے ۔ چیمپئن شپ کا فائنل یکم فروری کو کھیلا جائے گا ، پاکستان ا سنوکر اینڈ بلیئرڈ ایسوسی ایشن کے صدر منور شیخ اورسینئر نائب صدرجاوید کریم فائنل کو دیکھنے کیلئے لاہور آئیں گے ۔ اسنوکر اینڈ بلیئرڈز ایسوسی ایشن آف پنجاب کے سینئر نائب صدر ایم بی غوری نے ماسٹر ز اسنوکر چیمپئن شپ لاہور میں منعقد کرانے پر منو ر شیخ اور عالمگیر شیخ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایونٹس کا لاہور میں انعقاد کرانا خوش آئندفیصلہ ہے ۔