کراچی میں والی بال سرگرمیوں میں اضافہ خوش آ ئند ہے ،مبشر مختار
کراچی (اسپورٹس رپورٹر)پاکستان والی بال فیڈریشن کی جانب سے کراچی میں خواتین کا کوچنگ کیمپ منعقد کروانا اور ایرانی کوچ سے تربیت دلوانا خوش آئند ہے ،کراچی میں طویل عرصہ بعد والی بال کی سرگرمیوں میں تیزی لانے پر فیڈریشن اور صوبائی ایسوسی ایشن مبارک باد کی مستحق ہے ،ان خیالات کا اظہار ہاکی کے سابق انٹر نیشنل کھلاڑی اور سر سید یونیورسٹی کے ڈائرکٹر اسپورٹس مبشر مختار نے جمعہ کو اخبار نویسوں کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔مبشر مختار حالیہ ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں بھی ٹیکنیکل آفیشل تھے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کراچی سینٹر میں خواتین کھلاڑیوں کا والی بال کوچنگ کیمپ لگانے سے کراچی کی خواتین کھلاڑیوں سے ساتھ ساتھ یہاں کے مقامی کوچز کو بھی بہت فائدہ ہوا اور انہوں نے انٹر نیشنل ایرانی کوچ حامد مواحدی سے بہت کچھ سیکھا جو کہ ان کے کیریئر میں بھی کام آئے گا ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان والی بال فیڈریشن کے سیکریٹری شاہ نعیم ظفر نے عہدہ سنبھالنے کے بعد پاکستان بھر میں والی بال کی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں جبکہ سندھ میں صوبائی والی بال ایسوسی ایشن کے سیکریٹری شاہد مسعود عمدگی سے فرائض انجام دے رہے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ سر سید یونیورسٹی بھی جلد ہی انٹر یونیورسٹی والی بال مینز اور ویمنز والی بال چیمپئن شپ منعقد کروانے کا ارادہ رکھتی ہے جس کے لئے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں ۔