ترقیاتی فنڈز نہ ملنے کے معاملہ پر 6یوسی چیئرمینوں کی رٹ پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو 29 جنوری تک سماعت کر کے فیصلہ کرنے کا حکم
ملتان (سپیشل رپورٹر) ضلع کونسل ملتان کے ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈرز میں اپوزیشن جماعت کے چیئرمینوں کو مبینہ طور پر فنڈز فراہم نہ کرنے کے معاملہ پراپوزیشن جماعت کے 6 چیئرمینوں نے عدالت سے رجوع کر لیاجس پر ہائیکورٹ ملتان بینچ نے پٹیشن سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو بھجواتے ہوئے فوری فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ہائیکورٹ ملتان بینچ میں یونین کونسلز کے چیئرمین چوہدری غلام شبیر، احمد علی خاکوانی سمیت 6 چیئرمینوں نے درخواست دائر کی تھی کہ حکومت پنجاب کی سکیم کے تحت ہر یونین کونسل میں 25 لاکھ روپے فی کس ترقیاتی سکیم کے لئے فنڈز جاری کئے گئے ہیں نیز درخواست گزار وں کا تعلق تحریک انصاف میں ہونے کی وجہ سے فنڈز کی فراہمی کے لئے نظر انداز کیا جا رہا ہے۔درخواست گزاروں کی جانب سے ایڈوکیٹ مہر ارشاد احمد نے عدالت میں پیش ہوئے اورکہاکہ ضلع کونسل نے 30 جنوری کو دیگر یونین کونسلز میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے ٹینڈر کا اعلان بھی کر رکھا ہے اس لئے درخواست گزاروں کوبھی فنڈزدینے کاحکم دیاجائے جس پرعدالت نے پٹیشن صوبائی حکام کو بھجواتے ہوئے 29 جنوری کو سماعت کر کے فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔