کوالٹی انویسٹی گیشن کیلئے فرانزک سائنس کا استعمال بہت ضروری ہے
اسلام آباد (اے پی پی) انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری نے کہا ہے کہ کوالٹی انویسٹی گیشن کیلئے فرانزک سائنس کا استعمال بہت ضروری ہے، تفتیش کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے تفتیشی افسران کی کرائم سین مینجمنٹ میں ٹریننگ انتہائی ضروری ہے۔ وہ جمعہ کو نیشنل فرانزک سائنس ایجنسی میں کورس میں شامل ہومی سائیڈ یونٹ کے افسران سے خطاب کر رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق ہومی سائیڈ انوسٹی گیشن یونٹ کے افسران کا نیشنل فرانز ک سائنس ایجنسی میں ایک ہفتہ پر مشتمل کورس مکمل ہو گیا۔ اس سلسلہ میں اسناد تقسیم کرنے کے حوالہ سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد میر ویس نیاز، ڈائریکٹر جنرل این ایف ایس اے ثاقب سلطان، ایس پی انوسٹی گیشن زبیر احمد شیخ کے علاوہ این ایف ایس اے کے ٹرینرز، ہومی سائیڈ انوسٹی گیشن یونٹ کے افسران بھی موجود تھے۔ آئی جی اسلام آباد نے شرکاء کورس میں اسناد تقسیم کیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہوئی ہے کہ اسلام آباد میں بھی انوسٹی گیشن کی جدید قسم کی سہولت موجود ہے۔ اگر اسلام آباد پولیس ان سہولیات کو حاصل کرلے تو انوسٹی گیشن کے معیار میں بہت بہتری آئے گی۔کوالٹی انوسٹی گیشن کے لئے ضروری ہے کہ انوسٹی گیشن آفیسر کرائم سین پر پہنچ کر اس کو محفوظ کرنے،ثبوتوں کا اکٹھا کرنے،ان کو محفوظ کرنے میں مکمل تربیت یافتہ ہونا چاہئے۔ آئی جی نے کہا کہ اب ہمیں پرانے دور سے نکل کر جدید فرانزک سائنس کے ذریعے انوسٹی گیشن کے معیار کو بہتری بنانا ہے ۔ ہومی سائیڈ کے بعد ضلع بھر کے تفتیشی افسران کو بھی این ایف ایس اے سے ٹریننگ دلوائی جائے گی اور اس سلسلہ میں انہوں نے ڈی جی این ایف ایس اے سے کہا کہ ان کورسز کو جاری رکھیں۔آئی جی نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے اندر ایک سکول آف انوسٹی گیشن بنایا جا رہا ہے اور اس کا جلد افتتاح ہو جائے گا جہاں تفتیش سے متعلقہ تمام افسران اس سکول میں کورس کریں گے، ہم ٹیکنالوجی کے ذریعے پروفیشنل پولیسنگ کریں گے اور ایک مثالی پولیس کا درجہ حاصل کریں گے۔ ڈائریکٹر جنرل این ایف ایس اے ثاقب سلطان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کورسز میں افسران کو کرائم سین کو محفوظ بنانے اور ثبوتوں کو اکٹھا کرنے کے بارے میں ٹریننگ دی گئی اس طرح ڈی این اے ،ڈی این اے جسم کے کون کون سے حصوں سے حاصل کیا جاتا ہے، ڈی این اے کی اہمیت،فنگر پرنٹ ،فنگر پرنٹ کی اقسام،اس کو اکٹھا کرنا اور فنگر پرنٹ کے فوائد،دستخط کے متعلق بھی ٹریننگ دی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں نیشنل فرانزک سائنس ایجنسی کا قیام 2002ء میں عمل میں آیا تھا لیکن گزشتہ ایک سال سے اس میں مختلف ڈیپارٹمنس کے افسران کو کورسز کروائے گئے ہیں ۔آخر میں انہو ں نے آئی جی اسلام آباد اور تمام افسران کا شکریہ ادا کیا۔