سی ڈی اے کے ڈیوٹی سے غیرحاضر 30 ملازمین کی تنخواہیں روکنے کے احکامات
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) کے ممبر ایڈمنسٹریشن محمد یاسر پیر زادہ کی ہدایت پر سینیٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے30 ایسے ملازمین جو دیگر شعبوں اور افسران کے ساتھ کام کر رہے تھے، احکامات کے باوجود مقررہ تاریخ تک سینیٹیشن ڈائریکٹوریٹ میں رپورٹ نہ کرنے پر ان کی تنخواہیں بند کردی گئی ہیں۔ سی ڈی اے کی ایڈمنسٹریشن ونگ نے سینیٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے 56 ایسے ملازمین جو دیگر شعبوں اور افسران کے ساتھ کام کررہے تھے کو واپس اپنی ڈائریکٹوریٹ میں 23 جنوری تک رپورٹ کرنے کے احکامات دیئے تھے تاہم مقررہ تاریخ تک صرف 26 ملازمین نے رپورٹ کی جبکہ ڈیوٹی سے غیرحاضر اور احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے والے 30 ملازمین کی تنخواہیں روکنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن محمد یاسر پیر زادہ نے کہا ہے کہ ادارے میں ڈسپلن کی پا بندی اور مختلف شعبوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے انتظامی طور پر ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سینیٹیشن ڈائریکٹوریٹ میں ان افراد کی تعیناتی سے جہاں ان ملازمین سے ان کی قابلیت کے مطابق کام لیا جا سکے گا وہاں سینیٹیشن ڈائریکٹوریٹ میں عملے کی کمی سمیت دیگر مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارے میں موزوں افراد کی موزوں جگہ پر تعیناتی کی پالیسی پر عملدرآمدکو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے میں احکامات کی تعمیل نہ کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ اس ضمن میں 19 جنوری 2018ء کو ایک آفس آرڈر کے تحت سینیٹیشن کے56 ایسے تمام ملازمین جو دوسرے شعبوں میں یا افسران کے ساتھ بلا احکامات کام کر رہے تھے کو تین یوم کے اندر اپنے شعبے میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی بصورت دیگر انہیں غیر حاضر تصور کر کے انکی تنخواہ روک دی جائے گی تاہم مقررہ ڈیڈ لائن گذر جانے کے بعد صرف 26 ملازمین نے سینیٹیشن ڈائریکٹوریٹ میں رپورٹ کی تھی جس کے بعدباقی ماندہ 30 غیر حاضر ملازمین کی تنخواہیں فوری طور پر روکنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔ واضح رہے کہ تنخواہوں کے روکنے کے احکامات کے بعد مزید 07 ملازمین نے سینیٹیشن ڈائریکٹوریٹ میں رپورٹ کر دی ہے۔جن ملازمین کی تنخواہیں روکی گئیںان میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ میں تعینات سینٹری انسپکٹر مختار،کاشف علی اور سید شاہد حسین شاہ ، ڈی ایم اے میں تعینات سینٹری انسپکٹر رانا فضل عباس، محمد غفور خان اور پیرزادہ خان کے علاوہ ڈی ایم اے میں تعینات کلینئرز اشرف مسیح، محمد صدیق، ظفر اقبال ،محمد بشیر ، محمد شہزاد، محمد رمضان ، اویس رحمان، محمد ادریس اور سلامت مسیح شامل ہیں۔ اسی طرح ایم پی او ڈائریکٹوریٹ میں تعینات کلینئر عارف مسیح، ایچ آر ڈی میں تعینات عمران جلال اور خالد محمود ، پی اینڈای میں تعینات کلینئر محمد شرافت اور زیورداد،اسٹیٹ مینجمنٹ ڈائریکٹوریٹ میں تعینات کلیئنر قمر عباس، لاء ڈائریکٹوریٹ میں تعینات کلینئر توقیر بلال، سی ڈی اے پیٹرول پمپ پر تعینات کلینئر یونس مسیح، ایڈمن ڈائریکٹوریٹ میں تعینات عبدالقدوس، ریونیو ڈائریکٹوریٹ کلینئر انیل مسیح، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ میں اندریاس اور بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ میں تعینات کلینئرز خالد مسیح اوربوٹا مسیح کے علاوہ ڈرائیور صغیر احمد اور سیکورٹی گارڈ صبور شامل ہیں۔