بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت بچوں کے تحفظ کیلئے ملک گیر مہم کا آغاز
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام آج سے اپنے ہیڈ کوارٹر اور دیگر ضلعی و تحصیل دفاتر میں بچوں کے تحفظ کیلئے ملک گیر مہم کا آغاز کر رہی ہے۔اس مہم کی منصوبہ بندی سماجی ذمہ داری کے تصور کے تحت کئی گئی ہے جو معاشرے کے تمام طبقات کو اس حوالے سے مناسب اقدامات کی طرف راغب کرے۔ اس مہم کا آغاز 40اضلاع کے اراکین پارلیمنٹ اپنے اپنے متعلقہ حلقوں میں جلسوں کے ذریعے کریں گے۔اس حوالے سے اہم تقریب کا انعقاد بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹر میں کیا جائے گا جس کی صدارت چیئرپرسن بی آئی ایس پی ، ایم این اے ماروی میمن کریں گی۔ اس مہم میں اراکین پارلیمنٹ، تعلیمی شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد، سول سوسائٹی، میڈیا، ساحل، یونیسیف، یو این ویمن، آکسفیم انٹرنیشنل جیسے بچوں کے تحفظ کیلئے کام کرنے والے غیر سرکاری اور بین الاقوامی ادارے اور بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین شرکت کریںگی۔ اس مہم کے تحت تمام اسٹیک ہولڈرز بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے اپنے عزم کا اظہارکریں گے۔اس مہم کے دوران، بی آئی ایس پی خواتین رہنمائوں، مستحقین اور ان کے بچوں کوٹریننگ کی مدد سے انکے تحفظ، حقوق، دستاویزی ویڈیو کے ذریعے بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے طریقوں،( انفارمیشن، ایجوکیشن اور کمیونی کیشن)IECمواد ، متحرک اور مثالی پیغام رسانی سے متعلق مسائل پر آگاہی فراہم کی جائے گی۔ اس مہم کا مقصد بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے مختلف پہلوئوں، والدین، اساتذہ کرام، رہنمائوں اور معاشرے کے ذمہ دار افراد کے کردار سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے۔