اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپویشن کا اجلاس ، پراپرٹی ٹیکس ،واٹر چارجز میں اضافہ کیلئے کنسلٹنٹ کی تقرری
اسلام آباد(وقائع نگار) میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) کا 19 واں اجلاس ڈپٹی میئر چوہدری رفعت جاوید کی زیرِ صدارت پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں 18 ویں اجلاس کی کاروائی کی منظوری دی گئی جبکہ 19 ویں اجلاس میں اسلا م آباد میں پراپرٹی ٹیکس، واٹر اینڈ کنزروینسی چارجز کے لیے ایم سی آئی کی بنائی گئی کمیٹی کی مختلف سفارشات پر تفصیلی بحث کی گئی۔ اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ پراپرٹی ٹیکس اور دیگر الائیڈ چارجزمیں اضافے کے لیے کنسلٹنٹ مقرر کیا گیا ہے جو اپنی تفصیلی سفارشات پیش کرے گا جس کی حتمی منظوری کے لیے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ ڈپٹی میئر چوہدری رفعت جاوید نے ہدایت کی کہ کنسلٹنٹ اپنی سفارشات مرتب کرنے سے پہلے ایم سی آئی کی بنائی جانے والی کمیٹی کے ارکان سے مشاورت کرے گا تاکہ بہتر سفارشات سامنے آ سکیں جنہیں ایوان میں منظوری کے لیے پیش کیا جا ئے گا۔ اجلاس میں اسلام آباد کی دیہی یونین کونسلوں کو سملی ڈیم سے آنے والی پائپ لائن سے پانی کے قانونی کنکشن دینے پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر ایم سی آئی کے ڈائریکٹر واٹر سپلائی نے ایوان کو مختلف تجاویز پیش کیں جس پر ایوان نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سملی ڈیم کی مرکزی پائپ لائن سے غیر قانونی کنکشن حاصل کرنے والوں کے کنکشن فوری منقطع کئے جائیں جبکہ یونین کونسل 2 سے8 تک کے چیئرمین یونین کونسلز واٹر سپلائی ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ مل کر غیر قانونی کنکشنز کا خاتمہ کرینگے کیونکہ کم بارشوں کے باعث اس وقت پانی کی کمی کا سامنا ہے اور موجودہ ذخیرے کو مون سون کی بارشوں تک استعمال میں لانے کے لیے مختلف اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ایوان کے ارکان نے مستقبل میں پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مختلف تجاویز دیں جس پر ایوان کو بتایا گیا کہ سملی ڈیم سے اس وقت34 کی بجائے 19 گیلن یومیہ پانی فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ واٹر سپلائی کے واٹر ٹینکروں اور پائپ لائنوں کی مرمت کے لیے ابتدائی طور پر فنڈز بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔ وقت کی کمی کے باعث اسلام آباد کی کچی آبادیوں سے متعلق ایجنڈے کو اگلے اجلاس تک موخر کر دیا گیا۔