بلوچستان حکومت کی تبدیلی میں زرداری کا کوئی کردار نہیں ، صرف دعا کی، عبدالقدوس بزنجو
کراچی (این این آئی)وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری نے بلوچستان حکومت کی تبدیلی میں کوئی کردار ادا نہیں کیا ۔انہوںنے دوا نہیں صرف دعا کی ہے۔ بلوچستان میں حالات کی بہتری کے لیے وفاق سمیت تمام صوبوں کی مدد درکار ہے ۔صوبے میں آزادی کا کوئی نعرہ نہیں ہے ۔کوئی بھی بلوچی پاکستان سے جدا ہونے کا سوچ بھی نہیں سکتا ہے ۔بھٹکے ہوئے نوجوان تیزی کے ساتھ قومی دھارے میں شامل ہورہے ہیں ۔قومی دھارے میں لوگوں کو لانے کے لئے وفاقی حکومت کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعہ کو مزار قائداعظم محمد علی جناح پر حاضری کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ عبدالقدوس بزنجو نے بانی پاکستان کے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ میرا مزار قائد اور کراچی کا پہلا دورہ ہے ۔بابائے قوم ایک عظیم لیڈر تھے ملک کے لیے انکی بے مثال قربانیاں ہیں۔ بلوچستان میں ہم خیال دوستوں کے ساتھ مل کر تبدیلی لائی گئی ۔آصف علی زرداری کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہیں اور ان کی نیک خواہشات ہمارے ساتھ ہیں ۔انہوںنے کہا کہ جب ہم کراچی آرہے تھے تو وزیراعلیٰ سندھ سید مرا علی شاہ نے ہمیں ملاقات کی دعوت دی تھی ۔صوبہ سندھ بلوچستان کے عوام کے لیے دوسرا گھر ہے ۔ملک کے باقی صوبے بھی ہمارے لیے محترم ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ کے عشائیے میں بلوچستان کے طلبہ کی اسکالرشپس ،حب ڈیم اور دیگرامور پر بات چیت ہوئی ہے ۔ملاقات میں مسلم لیگ (ن) اور مسلم لیگ (ق) کے ارکان بھی شریک تھے ۔اگر نواز شریف دعوت دیں گے ہم وہاں بھی ضرور جائیں گے ۔عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا بلوچستان میں کوئی رکن نہیں ہے۔نواز شریف نے بلوچستان کے مسائل پر توجہ نہیں دی۔ثنااللہ زہری وزارت اعلی کے دوران صرف 24 فیصد بلوچستان میں رہے۔ انہوںنے کہا کہ لاہور میں بلوچستان کے طالب علموں پر ظلم ہورہا ہے اس سلسلے میں ہم نے پنجاب حکومت سے بات کی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سندھ پولیس نے مدد مانگی تو راؤ انوار کی گرفتاری میں بھرپور تعاون کریں گے ۔راؤ انوار ایران بارڈر کی طرف سے فرار نہیں ہوسکتے ہیں ۔انہوںنے اگر ملک سے فرار ہونے کے لیے بلوچستان کا راستہ اختیار کیا تو ضرور گرفتار ہو جائیں گے۔