ترک کمپنیاں پاکستانی فرنیچر کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں: کاشف اشفاق
لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان فرنیچر کونسل کا اعلیٰ سطحی وفد 4 روزہ دورے پر ترکی روانہ ہوگیا۔ وفد پاکستان میں فرنیچر کی صنعت کے فروغ،مستقبل کی پالیسیوں کی تشکیل کیلئے مہارت کے حصول کی کوشش کرے گا اور وژن کے تبادلہ سے سرمایہ کاری کے نئے امکانات کا جائزہ لے گا۔دورے پر روانگی سے قبل پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو میاںکاشف اشفاق نے بتایا کہ وفد ترکی میں اپنے ہم منصبوں سے فرنیچر کی صنعت بارے تفصیلی تبادلہ خیال کرے گا۔پی ایف سی خلیجی خطہ یورپی یونین ،جاپان اور امریکہ کی اہم کلیدی مارکیٹوں پر زیادہ توجہ دے رہی ہے۔ ترکی پاکستان کو ہاتھ سے بنا فرنیچر یونین کی مارکیٹوں میں پہنچانے کے کافی مواقع دے سکتا ہے ایسا ترک کمپنیوں کی شراکت داری کے ساتھ ممکن ہو سکتا ہے۔ پاکستان میں زیادہ تر فرنیچر ہاتھ سے بنایا جاتا ہے اور اس سستے فرنیچر کو یورپی مارکیٹوں میں مہنگے داموں فروخت کیا جا سکتا ہے۔ فرنیچر کی برآمدات کیلئے انٹرنیشنل شوز میں شرکت ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فرنیچر کو معیاری بنانے اور بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کیلئے مطلوبہ مشینری کی فراہمی ضروری ہے جس کیلئے پاکستان اور ترکی کے مشترکہ منصوبے تشکیل دیئے جانے چاہیں۔ پی ایف سی پاکستان میں مئی میں ہونے والی3 روزہ دسویں ’’انٹرئیر پاکستان‘‘ فرنیچر نمائش میں ترک فرنیچر ساز اداروں کو شرکت کی دعوت دے گی۔