تحصیل پنڈدادنخان کیلئے موبائل ہیلتھ یونٹ کی منظوری دے دی گئی
دھریالہ جالپ(نامہ نگار) مسلم لیگ(ن)کے رہنما ،سماجی شخصیت اور امیدوار ایم این اے حلقہ این اے 63 ملک ثاقب الخیری کی کاوشیں رنگ لے آئیں،حکومت پنجاب کی طرف سے تحصیل پنڈدادنخان کے لئے موبائل ہیلتھ یونٹ کی منظوری دے دی گئی،مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے ملک ثاقب الخیری نے حکومت پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے اپنے تعلقات کی بنا پر تحصیل پنڈ دادنخان کی پسماندگی کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے ایک عدد موبائل ہیلتھ یونٹ کی منظوری لے لی ہے اور آنے والے چند دنوں میں موبائل ہیلتھ یونٹ تحصیل پنڈدادنخان کی انتظامیہ کے حوالہ کر دیا جائے گا۔اس موبائل ہیلتھ یونٹ کے بارے ملک ثاقب الخیری نے بتایا کہ یہ ایک مکمل موبائل ہاسپیٹل ہو گا جسمیں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم کے علاوہ نرسنگ سٹاف اور تمام ضروری ادویات میسر ہوں گی، پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں میں جا کر مریضوں کو طبی امداد بہم پہنچائی جائے گی۔اس حوالہ سے پنجاب حکومت کے اہم رہنما انجم چوہدری نے بھی اپنا بھر پور کردار ادا کیا ۔اہل علاقہ نے ملک ثاقب الخیری ،مسلم لیگی رہنماانجم چوہدری اور وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا ہے۔