چیئرمین واپڈا کی فرانسیسی سفیر سے ملاقات، واپڈا منصوبوں کی فنڈنگ پر تبادلہ
لاہور (نیوز رپورٹر) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) نے پاکستان میں متعین فرانسیسی سفیر مارک باریٹی Mark Barity سے ملاقات کی اور پانی و پن بجلی کے شعبوں میں واپڈا منصوبوں کی فنڈنگ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے فرانس کے مالیاتی ادارے اے ایف ڈی (AFD) کی جانب سے واپڈا کے مختلف منصوبوں کا تعمیر میں مالی معاونت فراہم کرنے پر فرانسیسی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پانی اور پن کے وسائل کی ترقی کے لیے ملکی وسائل کے ساتھ غیرملکی فنانسنگ بھی نہایت اہم ہے۔ پاکستان میں پانی اور پن بجلی کے شعبوں میں غیرملکی سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں اور باہمی مفاد میں اے ایف ڈی سمیت بین الاقوامی مالیاتی ادارے ان مواقع سے فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔ چیئرمین واپڈا نے کہا کہ وہ پراعتماد ہیں کہ واپڈا اور اے ایف ڈی کے درمیان مختلف منصوبوں کی تعمیر کے لیے تعاون میں مزید اضافہ ہو گا۔