استعمال شدہ کاروں کی درآمدات میں 70 فیصد اضافہ
کراچی(کامرس رپورٹر)آٹو صنعت کے حالیہ اعداد و شمار میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ 2016 کے مقابلے میں 2017 میں پاکستان میں استعمال شدہ درآمد کی جانے والی کاروں اور منی وینز کی تعداد میں تقریباً 70 فیصد تک اضافہ ہوا اور یہ تعداد 38 ہزار 676 سے بڑھ کر 65 ہزار 723 تک پہنچ گئی۔اس کے علاوہ اسپورٹ یوٹیلٹی گاڑیوں (ایس یو ویز) کی درآمد بھی 59 فیصد بڑھ کر 7ہزار758 یونٹس تک پہنچ گئی جبکہ پک اپس اور وینز کی تعداد 9 فیصد اضافے کے ساتھ 3 ہزار 154 یونٹس تک درآمد کی گئیں۔مقامی صنعت کی جانب سے امپورٹ جنرل مینیفیسٹ (آئی جی ایم) کے ذریعے ہر نئی اور پرانی درآمد شدہ گاڑی کا ریکارڈ مرتب کیا جاتا ہے جس کے ذریعے ہر درآمد شدہ کار کسٹم کے عمل سے گزرتی ہے۔2017 کے اعداد و شمار کے مطابق ٹویوٹا وٹز درآمد شدہ گاڑیوں میں سب سے زیادہ مقبول رہی اور اس کے 8 ہزار 680 یونٹس پاکستان آئے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 40 فیصد اضافہ تھا، اس کے ساتھ ساتھ ڈائی ہاٹسو میرا کی تعداد 73.1 فیصد بڑھی اور 6 ہزار 91 یونٹس ملک میں درآمد کیے گئے۔اعداد و شمار کے مطابق 2016 میں ٹویوٹا ایکوا کے 3 ہزار 622 یونٹس درآمد کیے گئے تھے جبکہ 2017 میں یہ تعداد 96 فیصد بڑھی اور 7ہزار 123 یونٹس کی درآمدات ہوئی۔اس کے ساتھ 2017 میں سوزوکی ایوری کے 5 ہزار 88 یونٹس پاکستان آئے جو ایک سال کے دوران 14.6 فیصد تک اضافہ تھا جبکہ ڈائی ہاٹسو ہائی جیٹ کی درآمد میں 34.5 فیصد اضافہ ہوا اوراس کی تعداد 3 ہزار 367 یونٹس رہی۔