دہشت گردوں سمیت سنگین جرائم میں ملوث افراد کا ڈیٹا سنٹر لائزڈ کرنے کا فیصلہ
پشاور(آن لائن)وفاقی حکومت نے دہشت گردوں سمیت ملک بھرکے سنگین جرائم میں ملوث افرادکاڈیٹا سنٹر لائزڈ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سافٹ ویئر تیار کر لیاہے۔ ذرائع کے مطابق اس ڈیٹا بیس میں نہ صرف کالعدم جماعتوں سے وابستہ افراد ، ان کے خاندان کے علاوہ دیگر تمام معلومات کا اندراج کیا جائے گایہ فیصلہ نیکٹا کے ہیڈکوارٹر میں ہونے والے اجلاس میںکیا گیاجس میں چاروں صوبوںکے اعلیٰ حکام و قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اس پرگرام میں ملک بھرمیں فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی تفصیلات کا اندراج بھی کیا جائے گا اور یہ سافٹ ویئر فول پروف ہو گا جس میں کوئی بھی ادارہ مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر نہ تودیکھ سکے گااور نہ ہی کوئی اندراج کر سکے گا۔ اجلاس میں افغانستان میں داعش کی دہشتگردوں کی تعداد 10ہزار سے تجاوز کرنے کے معاملے پربھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں نادرا اور اسٹیٹ بینک سمیت مختلف اداروں کے ڈیٹا بیس تک کی رسائی کے حوالے سے قانون سازی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔