آسٹریا میں اقوام متحدہ کے زیراہتمام شامی بحران پرامن مذاکرات کا آغاز
نیویارک (این این آئی) اقوام متحدہ کے تحت آسٹریا کے شہر ویانا میں شامی امن مذاکرات شروع ہوگئے جسے اس مسلح تنازعے کے حل کے لیے ’آخری امید‘ کا نام دیا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کو امید ہے کہ امن مذاکرات کے اس نئے دور میں فریقین کو کسی ڈیل پر متفق کر لیا جائے گا۔ اس سے قبل اقوام متحدہ جنیوا میں امن مذاکرات کے آٹھ ادوار کی میزبانی کر چکی ہے، تاہم اب تک اس عالمی ادارے کو تنازعے کے فریقین کو براہ راست مذاکرات تک لانے میں ہی کامیابی نہیں ہوئی۔ اس سلسلے میں مذاکرات کا آخری دور گزشتہ برس دسمبر میں بے نتیجہ ختم ہو گیا تھا۔فریقین کے درمیان اصل تنازعہ مستقبل کی شامی حکومت میں بشارالاسد کے کردار پر اختلافات ہیں۔