ایران پر نئی اقتصادی پابندیاں لگائی جائیں: سپیکر امریکی ایوان نمائندگان
ابوظہبی (آن لائن) امریکی ایوان نمائندگان کے سپیکر پال رائن نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایران کے میزائل پروگرام اور اس کی خارجہ پالیسی کے سبب تہران پر نئی اقتصادی پابندیوں کے سلسلے میں یورپی یونین سے سے بات چیت کر رہا ہے۔ ابوظہبی میں پریس کانفرنس کے دوران رائن کا کہنا تھا کہ ایران خطے میں امریکہ کے بنیادی حلیفوں امارات اور سعودی عرب کے خلاف اپنا رسوخ وسیع کرنے کی کوشش میں ہے اور اس پر پابندیوں کے ذریعے روک لگانا چاہئے۔ امریکہ اور عالمی طاقتوں نے 2015ء میں طے جوہری معاہدے کے تحت ایران پر پابندیوں میں نرمی کی تھی تاہم واشنگٹن نے تہران پر اس کے طویل المیعاد میزائل پروگرام کے حوالے سے نئی پابندیاں عائد کر دیں۔ رائن نے واضح کیا کہ یورپی یونین کو چاہیے کہ وہ ایران پر پابندیوں کے حوالے سے واشنگٹن کی پیروی کرے۔ ان کے میزائل تجربات سے متعلق خلاف ورزیوں اور خطّے میں کارستانیوں کو دیکھیے، شام اور یمن میں وہ کیا کر رہے ہیں اس کو بھی دیکھئے"۔ انہوں نے کہا کہ "ہمارے پاس ایسے ذرائع ہیں جن کو ہم اپنے حلیفوں کے ساتھ مل کر کام میں لا سکتے ہیں اور ایران پر پابندیاں سخت کرنے کے حوالے سے ہم یورپ کو شرکت پر قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں"۔