زینب کے قاتلوں کی گرفتاری پنجاب حکومت کی بڑی کامیابی ہے
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ)پاکستان مسلم لیگ (ن)یوتھ آرگنائزیشن راولپنڈی ڈویژن کے صدر نصراللہ ملک نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت کے خلاف منفی مہم جاری ہے مگر عوامی محاذ پر ن لیگ کی شہرت اور مقبولیت کو کم نہیں کیا جا سکا ۔ انہوں نے کہا کہ پوزیشن جماعتیں بالخصوص تحریک انصاف اور پی پی پی ہر واقعہ سے مسلم لیگ ن کی نا اہلی کو کشید کرتے اور اسے بدنام کرنے کی پوری پوری کوشش کرتے ہیں مگر وہ پھر بھی کامیاب نہیں ہو رہے ۔ انہو ںنے کہا کہ معصوم زینب کے قاتلوں کی گرفتاری پنجاب حکومت کی بڑی کامیابی ہے اور مجرم انشاء اللہ سزاسے بچ نہیں سکے گا ۔ نصراللہ ملکنے کہا کہ اپوزیشن اس واقعہ کو بھی اپنے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کر رہی ہے حکومت امن وامان کو برقرار رکھنے اور جرائم میں کمی لانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے مگر اپوزیشن والے اپنی کارکردگی پیش کرکے عوام کو اپنی جانب راغب کرنے کی بجائے حکومت پر تنقید کرکے اپنی سیاسی پوزیشن بہتر کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ۔