پشاور میں فائرنگ کے واقعات، 2 خواتین اور بھائیوں سمیت 6 افراد جاں بحق
پشاور (آن لائن+ صباح نیوز) پشاور کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں دو خواتین اور تین حقیقی بھائیوں سمیت چھ افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز پشاور کے نواحی علاقہ اچینی تھانہ سربندی کی حدود میں 12 مرلہ پلاٹ کے تنازعہ پر دو گروپوں میں فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں چار افراد ایوب ، وقار اس کا بھائی اور بھتیجا جاں بحق ہو گئے۔ دوسرا واقعہ پشاور کے علاقہ پاوکہ میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے دو خواتین کو قتل کر دیا۔ ایک خاتون کی شناخت نورضیاء کے نام سے ہوئی پولیس نے تفتیش کا آغاز کر کے دونوں واقعات میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے ہیں۔صباح نیوز کے مطابق سربند کے نواحی گائوں اچینی بالا میں حاجی ایوب اور خان سید گروپ کے مابین جائیداد کا تنازعہ تھا اور کافی بار ان کے درمیان تلخ کلامی بھی ہو چکی تھی تاہم جمعہ کو دونوں گروپوں کا آمنا سامنا ہوگیا اور ایک دوسرے پر فائرنگ شروع کردی، فائرنگ کے تبادلے میں حاجی ایوب اور ان کا بیٹا جبکہ 2 دیگر افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایک گروپ کے افراد علاقہ غیر کی جانب فرار ہوگئے ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ زخمی اور نعشوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور پہنچادیا گیا‘ زخمیوں میں 2 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
پشاور/ فائرنگ