نقیب اللہ کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا، وزیراعظم جوڈیشل کمشن بنائیں: انسانی حقوق کمشن
اسلام آباد (این این آئی) قومی کمیشن برائے انسانی حقوق نے نقیب محسود قتل کو ماورائے عدالت قرار دیتے ہوئے وزیراعظم سے اس سے متعلق جوڈیشل کمیشن بنانے کی سفارش کی ہے۔ جمعہ کو قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کے چیئرمین جسٹس (ر) علی نواز چوہان نے کراچی میں نقیب محسود کو جعلی پولیس مقابلہ میں قتل کئے جانے بارے اپنی تحقیقاتی رپورٹ جاری کر دی۔ اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے جسٹس (ر) علی نواز چوہان نے کہا کہ نقیب محسود کو جس جگہ پولیس مقابلہ میں قتل کیا گیا کمیشن نے اس جگہ کا معائنہ کیا ہے۔ تحقیق کے دوران اس بات کا پتہ چلا کہ فائرنگ صرف یکطرفہ تھی، ڈی آئی جی پولیس ثناء اﷲ عباسی نے بھی تسلیم کیا کہ یہ پولیس مقابلہ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ راؤ انوار کی تاحال عدم گرفتاری تشویشناک اور افسوسناک ہے، کمشن کی تحقیقات کے مطابق راؤ انوار متعدد دیگر ماورائے عدالت قتل میں ملوث ہیں۔ نقیب محسود کے ساتھ 3 مزید شہریوں کو بھی ماورائے عدالت قتل کیا گیا۔ رائو انوار کو گرفتار نہ کیا گیا تو وہ ملک سے بھاگ جائے گا۔