جوکو ویدودو نے السلام علیکم، پاکستان زندہ باد سے تقریر کا آغاز کیا، یادگار جمہوریت پر حاضری، انڈونیشیا کی خاتون اول کی صدر ممنون کی اہلیہ سے ملاقات
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) انڈونیشیا کے صدر نے گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کا آغاز السلام علیکم اور پاکستان زندہ باد کے الفاظ سے کیا۔ انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو نے گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے کے بعد جمہوریت کے شہداء کی یادگار پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ قومی اسمبلی کے سپیکر اور چیئرمین سینیٹ رضا ربانی ان کے ساتھ تھے۔ جوکو ویدودو پاکستان کی پارلیمنٹ سے خطاب کرنے والے انڈونیشیا کے دوسرے صدر ہیں۔ اس سے پہلے 1963 میں انڈونیشیا کے بانی صدر احمد سوئیکارنو نے پارلیمنٹ سے خطاب کیا تھا۔ صدر سوئیکارنو نوآبادیاتی نظام کے خلاف جدوجہد کی علامت تھے۔ انڈونیشیا کی خاتون اول ایویا جوکو ویدودو نے صدر ممنون حسین کی اہلیہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر محمودہ ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور آزادی کے بعد سے تعلقات میں گرمجوشی پائی جاتی ہے جس میں وقت کے ساتھ ساتھ مزید گہرائی پیدا ہوتی جائے گی۔