نرسوں‘ پیرا میڈیکل سٹاف کی ہڑتال‘ گلگت بلتستان میں آغا خان ہیلتھ سنٹرز بند
اسلام آباد (ظفر علی خان‘ نیشن رپورٹ) نرسوں‘ پیرا میڈیکل سٹاف کی ہڑتال اور احتجاج کے باعث آغا خان ہیلتھ سروسز کے زیراہتمام گلگت بلتستان میں چلنے والے تمام بنیادی صحت مراکز ایک ہفتہ سے بند ہیں۔ نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کا ڈیوٹی چھوڑ کر گلگت شہر کی سڑکوں پر احتجاج جاری۔ آغا خان ہیلتھ سروسز میں عرصہ دراز سے تعینات سینکڑوں نرسوں‘ پیرا میڈیکل سٹاف نے متوقع ڈائون سائزنگ اور تبادلوں کے خدشے پر اپنے تحفظات کا اظہارکرتے ہوئے آغا خان کی نئی انتظامیہ پر الزام عائد کیا ہے کہ انہیں امتیازی سلوک کا نشانہ بناتے ہوئے جبری تبادلوں اور نوکری چھوڑنے پر مجبور کیا جا رہاہے۔ وہ دور افتادہ اور پسماندہ علاقوں یاسین‘ گپیس‘ اشکومین‘ پنیال‘ ہنزہ نگر اور دیگر علاقوں میں سالہاسال سے خدمات انجام دیتے آئے ہیں۔ انتظامیہ ان کا استحصال کرنا بند کرے‘ اقدامات واپس اور ان کے تمام جائز مطالبات تسلیم کرے۔