امریکہ، اتحادی، 15 برس بعد بھی افغانستان میں ناکام رہے: جماعت اسلامی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ ہنگو میں افغان مہاجرین کے کیمپ پر امریکی ڈرون حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ 2001سے ابتک پاکستان میں400سے زائد ڈرون حملوں میں ہزاروں بے گناہ افراد، معصوم بچے اور خواتین لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک کی افواج مسلسل پندرہ سال تک جدیدترین ٹیکنالوجی استعمال کرنے کے باوجود دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کوئی قابل ذکرفتح حاصل نہیں کر سکی۔ یہی وجہ ہے کہ امریکن انتظامیہ افغانستان میں اپنی ناکامیوں کا سارا ملبہ پاکستان پر ڈالنا چاہتی ہے۔ ذکراللہ مجاہد نے کہاہے کہ معاشرے کو درست سمت میں لے جانے اور اس کے اندر پھیلنے والی برائیوں کے سد باب کیلئے علما کرام کو مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ دنیا بھر میں تہذیبی جنگوں کا دور دورہ ہے۔ علما ء و مشائخ کو تہذیبی تقاضوں اور شرعی احکام کو مدنظر رکھتے ہوئے معاشرے اصلاح کیلئے حکمت عملی وضع کرنی ہوگی۔ حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ سیکولر اور لبر ل حکمرانوں کی مدد سے شیطانی تہذیب ہم پر حملہ آور ہے۔اس تہذیب کے پیروکار ہماری نوجوان نسل کو بے راہ روی کا شکار کرکے اسے اسلام سے دور کرنے کے مکروہ ایجنڈے پر کاربند ہیں۔ہمیں اپنے مستقبل کو محفوظ کرنے کے لیے اپنی نئی نسل کو اسلام کی روشن تعلیمات سے بہرہ ور کرنا ہوگا۔