جولائی سے پہلے الیکشن کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا : احسن اقبال
اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان طویل دورانیے کی نگراں حکومت چاہتے ہیں ٗجولائی 2018ء سے پہلے عام انتخابات کا سوال ہی پیدا نہیں ٗ امریکہ کی جانب سے شمالی وزیرستان میں ہونے والا ڈرون حملہ ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی سمجھتے ہیں ٗسیکیورٹی معاملات میں کسی سے رعایت نہیں کی جائیگی ٗعالمی برادری پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں کا اعتراف کرے ٗقصور واقعہ سے متعلق پنجاب حکومت کے خلاف من گھڑت خبر چلائی گئی، قصور واقعہ کا مجرم پکڑا گیا اور پنجاب حکومت کو کامیابی ہوئی ٗ ایک اینکر نے خبرچلائی جس پرنوٹس لیا گیا اور بعد میں پتہ چلا خبرمن گھڑت ہے ٗلوگ من گھڑت خبریں پھیلانے والوں سے چوکنا رہیں ٗبلوچستان کے ساتھ زیادتی کی گئی، امید ہے بلوچستان میں آئندہ ایسا کھیل نہیں کھیلا جائے گا ٗسیاحوں اور سرمایہ کاروں کیلئے ویزے میں نرمی اور سہولیات فراہم کرنا ہو گی، ان غیر ملکی این جی اوز کی رجسٹریشن نہیں کی جائے گی جو اپنے جاسوس پاکستان بھیجتی ہیں ٗ ممنوعہ بور کے آٹومیٹک ہتھیاروں کو سیمی آٹو میٹک کرانے کیلئے صوبائی حکومتوں سے رابطے میں ہیں اور اس پالیسی پر مئوثر طریقے سے عملدرآمد کرایا جائیگا ۔ جمعہ کو وزارت داخلہ میں نادرا کی موبائل رجسٹریشن وینز کے افتتاح کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ موبائل وینز کا مقصد ملک کے دور دراز کے علاقوں میں شہریوں کو شناخت کارڈز کی فراہمی کی سہولت کو یقینی بنانا ہے ٗ خواتین کو بھی قومی شناختی کارڈز بنا کر دیئے جارہے ہیں اور یہ موبائل وینز گھر گھر جا کر خواتین کو شناختی کارڈز بنا کر دیں گی کیونکہ حکومت چاہتی ہے کہ خواتین بھی آئندہ الیکشن میں اپنے ووٹ کا حق استعمال کر سکیں اور جمہوری عمل میں پوری طرح شریک ہو سکیں، خواتین کی عدم شرکت سے جمہوری عمل مکمل نہیں ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ 78 موبائل وینز نادرا نے رجسٹریشن کیلئے اپنی ٹیم میں شامل کی ہیں جبکہ مزید 100 وینز شامل کرنے کا کہہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت مختلف وجوہات کے باعث ایک لاکھ 25 ہزار شہریوں کے شناختی کارڈز بلاک ہیں اور شناختی کارڈز کی بحالی کیلئے ضلعی سطح پر کمیٹیاں بنا دی گئی ہیں ان کمیٹیوں میں اراکین پارلیمنٹ کو شامل کیا گیا ہے تاکہ وہ شہریوں کی تصدیق کریں اور شناختی کارڈز بحال ہو سکیں ٗ کمیٹی جب کسی شہری کے کوائف کی تصدیق کر دے گی تو اس کے بعد شناختی کارڈ ز کی بحالی میں کسی قسم کی تاخیر نہیں کی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہاکہ ویزہ پالیسی میں کوئی تضاد اور تبدیلی نہیں کی گئی ملکی سیکورٹی کے خدشات کو سامنے رکھتے ہوئے ویزہ پالیسی پر کاربند ہیں اور ملکی سیکورٹی پر کوئی کمپرومائز نہیں کر سکتے۔
احسن اقبال