افغانستان میں امن پاکستان کے استحکام کیلئے ناگزیر ہے: خرم دستگیر
اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ جمہوریت ملک کودہشت گردی سے محفوظ بناتی ہے اور اس سے پاکستان میں دہشت گردی پر قابو پانے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے یہ بات ایگمونٹ انسٹیٹیوٹ میں ’’دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کا کردار‘‘ کے موضوع پر ماہرین سے گفتگو کر تے ہوئے کہی۔ انجینئر خرم دستگیر نے بیلجئین خارجہ آفس، دفاع وزارت، انسداد دہشت گردی کے شعبے اور اکیڈمیوں کے ماہرین کے گروپ کو د ہشت گردی کے خلاف جنگ سے پاکستان پر پڑنے والے بوجھ کے بارے میں بتایا اور کہا اس سے نہ صرف مالیاتی وسائل کے لحاظ پاکستان کو نقصا نات اٹھانا پڑے بلکہ شہریوں اور فوج کے اہلکار وں سمیت تقریباً 70 ہزار افراد کی قربانی بھی دینا پڑی۔ وزیر دفاع نے کہا کہ مضبوط جمہوریت دہشت گردی کے خلاف بہترین تحفظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے استحکام سے دہشت گردی کے واقعات پر قابو پانے میں مدد ملی اور داخلی امن اور سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ گزشتہ چند سالوں میں معیشت میں اضافہ ہوا ہے.انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان کے امن کیلئے ناگزیر ہے۔
خرم دستگیر