زرداری ہارس ٹریڈنگ کررہے ہیں، پی ٹی آئی ارکان بھی نشانے پر ہیں: سعد رفیق
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور دیگر جمہوری قوتیں ہارس ٹریڈنگ کا راستہ روکیں گی تاہم تحریک انصاف خبردار رہے کیوں کہ ان کے ارکان بھی آصف زرداری کی سودے بازی کے نشانہ پر ہیں، آصف زرداری بلوچستان میں ہارس ٹریڈنگ کا گھنائونا کھیل کھیل رہے ہیں بلوچستان کی صوبائی اسمبلی میں پی پی پی کی کوئی نشست نہیں، قیوم سومرو کٹھ پتلی حکومت بنانے کے گھنائونے کھیل کا حصہ بنے رہے جب کہ پچھلے سینٹ الیکشن میں بھی آصف زرداری نے خرید و فروخت کی کوشش کی مگر زیادہ کامیابی نہیں ملی۔تاہم جمہوریت کے لبادے میں سینیٹ ارکان کی خرید و فروخت کا گھنائونا کھیل نہیں کھیلنے دیں گے، وہ اپنی ہمشیرہ کو چیئرپرسن سینٹ بنوا کر نظام پر مسلط رہنا چاہتے ہیں، سینٹ کنٹرول کرنے کے لیے آصف زرداری ہر جماعت کے ارکان کو خریدنے کی سازش کر رہے ہیں۔ آصف زرداری کی بلوچستان کے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ سے ملاقات سینٹ الیکشن میں شرمناک ہارس ٹریڈنگ کا آغاز ہے، بلوچستان میں تبدیلی درحقیقت جمہوریت کے غلاف میں لپٹی خرید وفروخت ہے، آصف زرداری نے بلوچستان سے سینٹ نشستیں لینے کے لیے جمہوریت دشمن سوچ کا ساتھ دیا۔علاوہ ازیں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے سعد رفیق نے کہا کہ نواز شریف شہباز شریف کو وزیراعظم کیلئے نامزد کر چکے، پارٹی میں شہباز شریف کے نام پر سب متفق ہیں۔
سعد رفیق