وزیراعظم اپنے دور میں ہی اسلام آباد کیلئے کرایہ داری ترمیمی بل لائیں: ظفر علی شاہ
اسلام آباد (صبا ح نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سینئر مرکزی رہنما اور سابق سینیٹر ظفر علی شاہ نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے دورحکومت میں ہی اسلام آباد کیلئے قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل پارلیمنٹ سے پاس کرائیں تا کہ وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری کا یہ دیرینہ مسئلہ حل ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد نوید سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ظفر علی شاہ نے کہا کہ اسلام آباد کیلئے کرایہ داری کے نئے قانون کا نفاذ مقامی تاجر وں کا دیرینہ مطالبہ ہے جو ابھی تک پورا نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے پچھلے دنوں اسلام آباد کی تقریبا تمام مارکیٹوں کے تاجر احتجاج پر اتر آئے تھے۔ انہو ں نے پرزور مطالبہ کیا کہ حکومت اس اہم مسئلے کو حل کرنے کیلئے قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل جو عرصہ دراز سے قومی اسمبلی میں پڑا ہوا ہے۔ جلد پارلیمنٹ سے پاس کرا کے وفاقی دارالحکومت میں نافذ کرے تا کہ تاجر برادری سکھ کا سانس لے سکے۔ انہوںنے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے تاجر برادری کو پرسکون ماحول کی ضرورت ہے لیکن جب انکی جبری بے دخلیاں ہونگی تو کاروباری سرگرمیوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
ظفر علی شاہ