سی پیک پاکستان کی مجموعی ترقی کا منصوبہ ہے: وزیرداخلہ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے داخلہ اور منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ صوبوں کے درمیان سی پیک پر اتفاق رائے کی وجہ سے منصوبوں پر کام تیز کرنے اور کامیابی کے ساتھ ان کو مکمل کرنے میں مدد ملی ہے۔ وزیر منصوبہ بندی نے یہ بات سینیٹ میں سی پیک کمیٹی کے روبرو گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے اس میگا پراجیکٹ کے ثمرات سے استفادہ کرنے کے لئے کوششوں میں مصروف ہیں۔ صوبائی قیادت اپنی سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر سی پیک کی مینجمنٹ میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔ وزراء اعلیٰ اور ان کی ٹیموں کی جانب سے سی پیک کے جائنٹ ورکنگ گروپس اور جائنٹ تعاون کمیٹی میں شرکت اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ حکومت شفافیت اور برابری پر عمل پیرا ہے۔ سی پیک پاکستان کی مجموعی ترقی کا منصوبہ ہے۔ مغربی روٹ پر قومی قیادت نے جو فیصلہ کیا تھا اس پر عملدرآمد جاری ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے اس سال کے آخر تک مکمل ہو جائے گی‘ سڑک کے دوسرے منصوبے زیر تکمیل ہیں ان میں میرپور مانسہرہ روڈ‘ نوکنڈی پنجگور اور گلگت‘ چترال چکدرہ کی سڑکیں شامل ہیں۔ اقتصادی زونز کو آباد کرنے کے لئے بہت جلد چین میں مختلف شہروں میں روڈ شوز کرائے جائیں گے۔ سی پیک کا یہ مرحلہ 2020ء تا 2025ء میں مکمل ہو گا۔ 820 کلو میٹر طویل فائبر آپٹک کیبل بچھانے کا کام بھی جاری ہے۔ تھر میں کوئلے کی کان کنی اور بجلی منصوبوں پر 5 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری ہو چکی ہے۔ داسو‘ سکی کناری اور دیامیر بھاشا ڈیم جیسے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔
احسن اقبال