اسلامی قانون میں بڑی وسعت‘ تمام مسائل حل کر سکتا ہے: ڈاکٹر یعقوب الدہلوی
ملتان (نمائندہ نوائے وقت) شعبہ علوم اسلامیہ بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان کے زیراہتمام ‘ تقریب میں جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ سعودی عربیہ کے کلیہ اسلامیہ اور کلیہ قانون کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد یعقوب الدہلوی نے اپنے خطاب میں کہاکہ آج ہمارے طلباء طالبات کو مقاصد شریعہ کو پڑھنے ، سمجھنے اور معاشرہ کے مسائل کے حل کے لیے اختیار کرنے کی ضرورت ہے اسلام میں تمام معمولات اور امور کے لیے مکمل رہنمائی دی گئی ہے۔ انہو ںنے کہا کہ اسلامی قانون میں بڑی وسعت ہے جو انسانوں کے تمام مسائل کو حل کرسکتا ہے وہ عوام کے فوائد و نقصانات دونوں کا ادراک رکھتا ہے۔انہوں نے طلباء کو جامعہ ا سلامیہ مدینہ منورہ کا مکمل تعارف کروایا اور تدریسی طریقہ کار کی وضاحت کی۔ نیز جامعہ میں طلباء کو میسر سہولیات کا بھی اجمالی جائزہ پیش کیا ۔شعبہ علوم اسلامیہ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدوس صہیب نے پروفیسر محمد یعقوب الدہلوی کے توسط سے شعبہ علوم اسلامیہ بہاو الدین زکریایونیورسٹی ملتان میں ایک سالہ تحکیم کورس شروع کرنے کا اعلان کیا ۔ تقریب سے پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس لودھی نے بھی خطاب کیا۔