فیس بک انتظامیہ کا ایف آئی اے کو ریکارڈ فراہم کرنے سے انکار
اسلام آباد( وقائع نگار) سوشل میڈیا پر اعلی عدلیہ کے خلاف منفی پروپیگنڈے کے مقدمے میں فیس بک انتظامیہ نے ایف آئی اے کو ریکارڈ فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے۔ فیس بک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مقدمہ سیاسی ایشو ہے ریکارڈ نہیں دے سکتے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی جانب سے نے تین ہفتے قبل فیس بک انتظامیہ کو لکھے گئے خط میں درخواست کی گئی تھی کہ اعلی عدلیہ کےخلاف سوشل میڈیا کے ذریعے منفی پراپیگنڈا کیا گیا اور فیس بک ہر جعلی تصویر اپ لوڈ کی گئی۔ تین ملزموں کو گرفتار کیا گیا۔ مقدمے کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے فیس بک کا مکمل ریکارڈ درکار ہے۔ ذرائع کے مطابق امریکہ سے فیس بک سے انتظامیہ نے جواب میں ریکارڈ فراہم کرنے سے صاف انکار کردیا ہے اور موقف اپنایا ہے کہ پاکستان میں یہ مقدمہ سیاسی نوعیت کا حامل ہے ایسے مقدما ت کے لئے ریکارڈ نہیں دیا جاسکتا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فیس بک انتظامیہ نے اس معاملے کو آزادی اظہار رائے کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پاکستان مےں تو جرم سمجھا جاتا ہوگا لیکن امریکہ میں یہ جرم کے زمرے مےں نہیں آتا جبکہ اس حوالے سے پاکستان کے ساتھ کوئی معاہدہ بھی نہیں ہے ذرائع کے مطابق فیس بک کی جانب سے انکار ایف آئی اے کے لئے باعث تشویش ہے اور اس کس کا فائدہ ملزموں کو پہنچے گا۔