پاک چین اقتصادی راہداری کیخلاف بھارتی پروپیگنڈا ناکام رہا: راجہ ظفر الحق
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹرراجہ محمد ظفرالحق نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف بھارتی پروپیگنڈا بری طرح ناکام ثابت ہو اہے‘سی پیک سے پاکستان کی اقتصادی و معاشی حالت بدل جائے گی تین درجن سے زائد ممالک جن میں مشرق وسطیٰ ، وسطی ایشیاءاور یورپ کے کئی ممالک شامل ہیں ‘نے سی پیک میں شمولیت کی شدت سے خواہش ظاہر کی ہے ‘ منصوبہ پاکستان کی موثر خارجہ اور اقتصادی پالیسیوں کی کامیابیوں کا مظہر ہے ‘پا کستان کے چاروں صوبے بشمول گلگت بلتستان اس اہم تاریخی منصوبے کو تکمیل تک پہنچانے کےلئے کوشاں ہیں‘سی پیک کے مغربی روٹ کی تکمیل اولین ترجیح ہے اور اس کی اولیت برقرار ہے ملک بھر کے تما م علاقے اس سے مستفید ہونگے ۔ وہ جمعرات کو کیڈٹ کالج پشین کے طلباءاور اساتذہ کے50 رکنی وفد سے پارلیمنٹ ہاﺅس میں ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔ سینیٹرراجہ محمد ظفرالحق نے کہا کہ سی پیک کے حوالے سے غلط تاثر پھیلانے کی کوشش کی گئی تھی ۔تاہم ایسے عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیںہو سکے۔ چین نے حال ہی میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں شرکت کےلئے مدعو کیا تھا ۔جس میں تمام صوبوں نے اس منصوبے پر مکمل اطمینان اظہار کیا اور اس کی بھرپور حمائت کی ۔ انہوں نے طلباءکے وفد کو تجویز دی کہ وہ اس منصوبے کے مغربی روٹ کا دورہ کریں تاکہ انہیں حقائق سے آگاہی ہو اور سی پیک کے تحت مجوزہ منصوبوں کی اہمیت کے بارے میں جانکاری حاصل ہو سکے۔