عالمی ادارہ صحت کی سربراہی کیلئے پاکستانی ڈاکٹر ثانیہ پہلے مرحلے میں کامیاب‘ اب صرف برطانوی امیدوار سے مقابلہ ہوگا
اسلام آباد (این این آئی) عالمی ادارہ صحت کی سربراہی کیلئے کی جانے والی ووٹنگ کے پہلے مرحلے میں پاکستانی خاتون ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے یورپی امیدواروں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ جنیوا میں اقوام متحدہ کے مرکزی آفس میں عالمی ادارہ صحت کے نئے سربراہ کے لئے ووٹنگ کے پہلے مرحلے کا انعقاد ہوا جس میں پاکستان کی جانب سے ڈاکٹر ثانیہ نشتر امیدوار تھیں جن کا مقابلہ برطانیہ، فرانس، اٹلی اور ہنگری کے امیدواروں سے تھا۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ووٹنگ کے پہلے مرحلے میں 34 ممبران کے الیکٹورل کالج میں سے 28 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مقابلے میں برطانیہ کے حریف ڈاکٹر ڈیوڈ نیبارو نے صرف 18 ووٹ حاصل کئے۔فرانس، اٹلی اور ہنگری کے امیدوار نمایاں ووٹ حاصل نہ کرسکے جس کے بعد ووٹ کے آخری مرحلے میں پاکستانی امیدوار ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور برطانوی امیدوار ڈاکٹر ڈیوڈ نیبارو کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر ڈبلیو ایچ او کی سربراہی کے لئے مضبوط ترین امیدوار دکھائی دے رہی ہیں جو پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ میں پی ایچ ڈی کے ساتھ اقوام متحدہ کے متعدد کمیشنز میں اپنی خدمات پیش کرچکی ہیں جب کہ انہیں مختلف عالمی پینلز کی نمائندگی اور ہیلتھ پالیسی تھنک ٹینک کا حصہ ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔