وفاقی وزیر داخلہ نے نادرا کا ماسٹر کارڈ سے کیا گیا معاہدہ معطل کردیا
اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی) وفاق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے نادرا کی مالی ترسیلات کیلئے ماسٹر کارڈ سے کیے گئے معاہدے کا نوٹس لیتے ہوئے اسے معطل کردیا۔وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے قومی ڈیٹا بیس اتھارٹی نادرا کی مالی ترسیلات کے لیے ماسٹر کارڈ سے کیے گئے معاہدے کا نوٹس لے کر اسے معطل کردیا اور نادرا سے بھی جواب طلب کرلیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ معاہدہ حکومت کی تحریری اجازت حاصل کیے بغیر ہوا جس میں اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت نہیں کی گئی جب کہ معاہدے میں حساس نوعیت کے سیکیورٹی معاملات کو بھی مدنظر نہیں رکھا گیا ہے۔چوہدری نثار نے کہا کہ مالی ترسیلات کے سلسلے میں ٹیکنالوجی کا استعمال خوش آئند ہے لیکن غیر ملکی کمپنی کو نادرا ڈیٹا بیس تک کن قوانین کے تحت رسائی دی جارہی ہے، نیشنل ڈیٹا بیس کی سیکیورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جاسکتا اور کسی ادارے کو اپنے مینڈیٹ سے تجاوز کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ،وزیرداخلہ نے معاہدے کے حوالے سے نادرا سے جواب طلب کرلیا۔ دریں اثناءوفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی ارکان کی جانب سے وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی پرحملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جن کے پاس دلائل نہیں ہوتے وہ ایسی قابل مذمت حرکت میں ملوث ہوتے ہیں۔ پی ٹی آئی ارکان نے نیشنل اسمبلی کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے غلط روش قائم کی ہے۔ جمعرات کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اراکین کی جانب سے ایسا طرز عمل تمام جمہوری اور پارلیمانی اصولوں کے منافی ہے۔