رشید دوستم کے محافظین کی گرفتاری سے متعلق قانون کے مطابق کاروائی کی جائیگی: ترجمان افغان صدر
کابل (اے پی پی) افغانستان کے صدارتی محل کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ نائب صدر رشید دوستم کے محافظین کی گرفتاری کے ضمن میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ صدارتی محل کے ترجمان نے گذشتہ روز جاری ہونے والے بیان میں کہا رشید دوستم کے 9محافظین کی گرفتاری کے ضمن میں اٹارنی جنرل آفس کے احکامات پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ اٹارنی جنرل آفس کے احکامات پرعملدرآمد کی پابند ہے۔افغانستان کی سکیورٹی فورسز کی ضلع ارغنداب میں کارروائی میں ایک عسکریت پسند ہلاک ہوگیا۔ بھاری مقدارمیں اسلحہ اورگولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا۔ دوسری جانب امریکہ نے افغان ائرفورس کی معاونت کے ضمن میں 9.3 ملین ڈالر کنٹریکٹ کی منظوری دیدی ہے۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق محکمہ دفاع کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا افغان ائرفورس کی معاونت کے ضمن میں اے اے آئی کارپوریشن کو 9.3 ملین ڈالر کا کنٹریکٹ دیا گیا ہے ۔ میری لینڈ میں قائم یہ فرم افغان ائرفورس کو لاجسٹک سپورٹ اور تربیتی خدمات فراہم کرے گی۔ یہ کنٹریکٹ 31جنوری 2018ءتک کارآمد ہوگا اور اس عرصہ کے دوران افغان ائرفورس کے 24 طیاروں کی سروس اورمرمت وبحالی کی جائے گی جبکہ تربیتی عمل اس کے علاوہ ہوگا۔ لاجسٹک سپورٹ اورتربیت کا کام کابل اورقندھار میں کیا جائے گا۔دریں اثناءجنوبی افغانستان میں قائم کاجاکی ڈیم سے طالبان سالانہ4.8 ملین ڈالر کما رہے ہیں۔ افغان ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ انکشاف ہلمند کے نائب صوبائی چیف ماجد اخوند نے اپنے ایک انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہا ہلمند میں تعمیر کردہ کاجاکی ڈیم کی 9 فیصد آمدنی طالبان حاصل کررہے ہیں اور اس مقصد کےلئے طالبان نے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔