سی پی این ای کی جانب سے عامر لیاقت پر پابندی کا خیر مقدم
کراچی (پ ر) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے اعلامیہ میں پیمرا کی جانب سے ایک ٹی وی اینکر عامر لیاقت حسین پر لگائی جانے والی پابندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے سی پی این ای کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن اور سینئر ایڈیٹر امتیاز عالم سمیت درجنوں صحافیوں کے بارے میں عامر لیاقت حسین کی جانب سے کی جانے والی نفرت انگیز اور تشدد پر اکسانے والی ہرزہ سرائی کی شدید مذمت کی ہے۔ سی پی این ای کی جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے عامر لیاقت حسین نے بول ٹی وی پر نشر کیئے جانے والے اپنے پروگراموں میں سینئر ایڈیٹروں سمیت مختلف صحافیوں کے خلاف بے بنیاد، اخلاق سے گرے ہوئے اور گمراہ کن الزامات کے ذریعے عوام الناس کو بدظن اور تشدد پر اکسایا۔ سی پی این ای نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ عامر لیاقت حسین نے ٹی وی پروگرام کے ذریعے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت معتبر ایڈیٹروں اور صحافیوں کے خلاف مذہبی رنگ دیا، پروپیگنڈہ کر کے کیچڑ اچھالی اور یوں زندگیوں کی سلامتی کو خطرے میں ڈالی ہے۔ سی پی این ای اس پروگرام اور اس مذموم مقصد کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پیمرا کی جانب سے عامر لیاقت حسین کے خلاف پابندی کے عمل کی نہ صرف توثیق کرتی ہے بلکہ صحافتی ضابطہ اخلاق کی شدید خلاف ورزی کرنے پر بول ٹی وی کے خلاف مو¿ثر کاروائی کا مطالبہ بھی کرتی ہے۔
سی پی این ای