کراچی میں بڑھتی ہوئی وارداتوں کا نوٹس لیا جائے‘ ارکان اسمبلی متحدہ
کراچی ( خصوصی رپورٹر ) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے حق پرست ارکان سندھ اسمبلی کامران اختر اور ندیم راضی نے شہر میں اسٹریٹ کرائمز کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے جرائم کی روک تھام میں ناکام ہوچکے ہیں ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ شہر کراچی میں موبائل ، موٹر سائیکلیں ، کاریں چھیننے کی وارداتیں اور شہریوں کو اپنی جمع پونجی سے محروم کرنا روز کا معمول بن چکا ہے۔ اسٹریٹ کرائمز پر قابو پانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوئی مثبت حکمت عملی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہریوں کو جرائم پیشہ عناصر سے تحفظ فراہم کرنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے جس میں ان کی جانب سے مسلسل غفلت ، لاپروائی اور نااہلی کا مظاہرہ کیاجارہا ہے اور اب مستقل اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں کے باعث شہری یہ سمجھنے میں حق بجانب ہیں کہ انہیں جان بوجھ کر جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر چھوڑدیا گیا ہے ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر قابو پانے کیلئے فی الفور مثبت اور ٹھوس اقدامات بروئے کار لائے جائیں اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایاجائے ۔
کامران اختر