چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے نجی شعبہ کی مشاورت سے پالیسیاں بنائی جائیں: خاور رشید
لاہور (کامرس رپورٹر) مسلم لےگ(ن) ٹرےڈرز ونگ پنجاب کے سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید نے حکومت پر زور دیا ہے کہ کہ نجی شعبہ کی مشاورت سے ایسی پالیسیاں تشکیل دی جائیں اور منصوبہ بندی کی جائے جس سے گلوبلائزیشن کی وجہ سے پیدا ہونے والے مواقع سے فائدہ اٹھانے اور چیلنجز سے نمٹا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ گلوبلائزیشن نے جو معاشی مواقع پیدا کیے ہیں ا±ن سے نہ صرف ترقی یافتہ بلکہ ترقی پذیر ممالک بھی بھرپور مستفید ہورہے ہیں لیکن وسائل اور صلاحیتوں سے مالامال ہونے کے باوجود پاکستان فائدہ اٹھانے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلوبلائزیشن کا عمل ہر گزرتے دن کے ساتھ تیز ہورہا ہے اور یہ جاری رہے گا چاہے کوئی ملک اسے پسند کرتا ہے یا نہیں لہذا چیلنجز سے گھبرانے کے بجائے ان کا سامنا کرنے کے لیے حکمت عملی وضع کی جائے۔
انہوں نے صنعتی شعبے کی مسابقتی صلاحیت بڑھانے، انسانی وسائل کی ترقی ، بہترین معاشی پالیسیوں اور کاروباری افراد میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔