بارش جاری، بجلی گیس بھی غائب، چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق
لاہور/ اسلام آباد/ گلگت بلتستان/ پشاور/ کوئٹہ/ کابل (کامرس رپورٹر + نامہ نگاران + ایجنسیاں + اے ایف پی) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اسلام آباد راولپنڈی میں موسلادھار بارش، پارلیمنٹ کی چھت ٹپکنے لگی، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، خیبر پی کے، کوئٹہ میں بارش کے ساتھ برف باری کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ لاہور سمیت کئی شہروں میں گیس کے ساتھ بجلی کی لوڈ شیڈنگ، لاہور میں بارش کے باعث 38 فیڈر ٹرپ کرگئے، شیخوپورہ میں چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ کابل میں شدید برف باری کے باعث سردی لگنے سے 27 بچے زندگی کی بازی ہارگئے۔ تفصیل کے مطابق وفاقی و صوبائی دارالحکومت سمیت ملک کے کئی علاقوں میں ہونے والی بارشوں کے باعث ترسیلی نظام گزشتہ روز بھی شدید متاثر رہا، لیسکو سمیت دیگر ڈسکوز کے سینکڑوں فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے باعث شہروں کے کئی علاقے کئی گھنٹے تک تاریک میں ڈوبے رہے۔ بجلی کی بندش کے ساتھ گیس کی بندش نے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔ لاہور میں گزشتہ روز سارا دن بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری رہا جس کے باعث مختلف اوقات میں لیسکو کے 38 فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ فیڈرز کی بحالی کے بعد لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا گیا۔ دوسری جانب سردی کی شدت میں اضافہ سے گیس کا شارٹ فال مزید بڑھ گیا اور بیشتر علاقوں میں گیس کی بندش کا سلسلہ سارا دن ہی جاری رہا۔ جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو آزاد کشمیر ¾گلگت بلتستان ¾پنجاب، خیبرپی کے اور فاٹا میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ اسلام آباداور راولپنڈی میں تیسرے روز بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ مسلسل بارش سے پارلیمنٹ ہاﺅس میں پانی کھڑا ہوگیا، پانی پارلیمنٹ کی چھت ٹپکنے سے کھڑا ہوا۔ ادھر ہیڈمرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ہیڈ مرالہ اتھارٹی کی جانب سے بتایا گیاکہ پنجاب میں نہر اپر چناب، نہرمرالہ راوی لنک، نہرلوئر چناب اور نہر اپرجہلم کنال کو سالانہ مرمت کے لئے بند کرنے، مقبوضہ جموں کشمیر اور سری نگر میں گذشتہ دو روز سے جاری بارشوں کے باعث دریائے چناب میں ہیڈمرالہ کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے۔ محکمہ انہار کے مطابق نالہ ایک، نالہ ڈیک، نالہ پلکھو اور نالہ بھیڈ میں بھی پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 48گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہیگا تاہم کشمیر،گلگت بلتستان، مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی ڈویڑن میں چند مقامات پر مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔ رنگپور اور گردونواح میں تیز ہواﺅں اور بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی جس سے سردی میں اضافہ ہوگیا۔ پسرور اور گردونواح میں مسلسل 48گھنٹے بارش ہونے کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا بارش کی وجہ سے کلاسوالا روڈ،ستراہ روڈ،کچہری،ہسپتال روڈ،شاہ ملوک روڈ،سینما روڈ،ریلوے روڈ ،گورنمنٹ ڈگری کالج پسرور ،محمد پورہ،عنایت پورہ ،امید پورہ اور حنیف پورہ میں پانی جمع ہوگیا پسرور کے قریب سے گزرنے والے نالہ حسری اور نالہ ڈیک معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔ سمبڑیال اور گرد و نواح میں جاری موسلا دھار بارش دوسرے دن بھی وقفے وفقے سے جاری رہی جس کے باعث شہر سمیت مضافات میں گلیاں، محلے سیوریج کے عدم نکاس پر بارشی پانی سے بھر گئے اور کیچڑ پھسلن کے باعث شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ ساہیوال میں جمعرات کی صبح بارش کی وجہ سے میپکو گرڈ سٹیشن جی ٹی روڈ، جہاز گراﺅنڈ گرڈ سٹیشن اور طارق بن زیاد کالونی گرڈ سٹیشن سے 21 فیڈر ٹرپ کرگئے جس سے شہر کا بڑا علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا جس کی وجہ سے 7 گھنٹے تک بجلی کی سپلائی معطل رہی، 5 ٹرانفارمر جل گئے جس کی وجہ سے ان علاقوں میں بجلی کی سپلائی بحال نہیں ہوسکی۔ بصیرپور اور مضافات میں جمعرات کو رم جھم جاری رہی اور یخ بستہ ہوا چلتی رہی جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا۔ سرگودھا اور گردونواح میں جمعرات کے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے شہریوں کو معمولات زندگی میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا سردی کی شدت برقرار رہی سورج نہ نکلنے کی وجہ سے دن بھر کالی گھٹائیں چھائی رہیں جو وقفہ وقفہ سے بارش برساتی رہیں بازاروں میں بارش کی وجہ سے خریداروں کا رش بھی نہ ہونے کے برابر تھا۔ مرید والہ میں سیوریج سسٹم نہ ہونے پر معمولی بارش کے باعث گلیوں اور بازاروں سے گزرنا محال ہوگیا۔ جڑانوالہ کے چک 377گ ب بڈھے دا چک کا رہائشی فاضل علی کھیتوں میں بکریاں چرا رہا تھا اچانک آسمانی بجلی اوپرآگری جسکے نتیجہ میں محنت کش جھلس کر بری طرح زخمی ہو گیا جس کو طبی امداد کیلئے تحصیل ہسپتال جڑانوالہ سے تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ریفر کر دیا۔ نارنگ منڈی وگردونواح میں دوسرے روزبھی موسلادھار بارشوںسے ندی نالوں میں شدید طغیانی آگئی، سرحدی علاقہ میںکئی مقامات پر مکانوںکی دیواریں گرنے کی اطلاعات ملی ہےں جبکہ مقامی محلہ مظفرآبادکے مکینوںنے جیتوگالہ روڈ پرکئی کئی فٹ پانی کھڑاہونے اور گھروںمیں پانی داخل ہونے پر مشتعل ہوکر انتظامیہ کےخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ شرقپور اور گردونواح میں وقفے وقفے سے کہیں موسلادھار اور کہیں بوندا باندی کا سلسلہ جاری جبکہ کہیں کہیں ژالہ باری بھی ہوتی رہی بارش میں سرد کی شدت میں اضافہ اور خشک سالی کا خاتمہ ہو گیا۔ شیخوپورہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق مریدکے نارووال روڈ پر واقع شہزاد ٹاﺅن میں بارشوں کے باعث چھت گر گئی جس کے نتیجہ میں ملبے تلے دب کر 50 سالہ امانت موقع پر جاں بحق ہو گیا بتایا گیا ہے کہ دکان کا مالک امانت علی سویا ہوا تھا کہ بارشوں کے باعث دکان کی چھت بوسیدہ ہونے کی وجہ سے اچانک گر گئی۔ شرقپور شریف سے نامہ نگار کے مطابق سردی کی آمد کے ساتھ ہی شہر میں گیس پریشر میں نمایاں کمی واقع ہونے سے اہل علاقہ کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کوٹ رادھاکشن اور گردونواح کے دیہات میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ نہ ہو سکا جس کی وجہ سے عوام کا شدید پریشانی کا سامنا ہے سخت سردی کے موسم میں بھی بارہ گھنٹے تک غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ افغانستان میں شدید سرد موسم، شدید برفباری کے سبب سردی لگنے سے 27 بچے جاں بحق ہو گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ضلعی گورنر رحمت اللہ حاشر نے بتایا طوفانی برف باری کے باعث ملک بھر میں سردی کی شدت کے باعث صوبہ جوزجان کے ضلع درزاب میں 27 بچے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ بڑی تعداد میں بچے مختلف بیماریوں کے باعث ہسپتالوں میں داخل ہیں۔ تمام کی عمریں 5 برس سے کم ہیں درزاب کی سڑکوں پر 20 انچ برف کی تہہ چڑھ گئی نواحی دیہات کا رابطہ منقطع ہو گیا اور طبی امداد نہ پہنچائی جا سکی ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے صوبائی گورنر کے ترجمان نے رضا غفوری نے بتایا ایمرجنسی کمیٹیوں کے ذریعے متاثرہ علاقے میں امداد پہنچائی جائیگی۔
بارش لوڈ شیڈنگ