مردم شماری کا عمل بہتر بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ ماہرین شامل کئے جائیں: اسحاق ڈار
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں شماریات بیورو کونسل کا اجلاس ہوا۔ چیف شماریات آصف باجوہ نے شرکاءکو مردم خانہ شماری کے انتظامات کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا مردم شماری کیلئے فوج‘ نادرا‘ صوبائی حکومتوں اور تمام متعلقہ اداروں میں اعتماد میں لے لیا گیا ہے۔ فیلڈ آپریشن کیلئے سٹاف کی تعیناتی کر دی گئی۔ ماسٹر ٹرینرز کو تربیت دیدی گئی ہے جو دوسروں کو تربیت دے رہے ہیں۔ اجلاس میں تین رکنی کمیٹی قائم کی گئی جو مردم شماری کیلئے تیاریوں کا باریک بینی سے جائزہ لے گی اور بہتری کیلئے اقدامات تجویز کرے گی۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ مردم شماری کے عمل کو مزید بہتر بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ ماہرین کو شامل کیا جائے۔ مردم شماری کے قابل بھروسہ ڈیٹہ کی بدولت منصوبہ بندی میں بہت سہولت حاصل ہوگی۔ علاوہ ازیں وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں اجلاس میں پاکستان سٹیل ملز کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ حکومت پاکستان سٹیل ملز کو معیشت میں کردار ادا کرنے کے قابل بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔
اسحاق ڈار