آزاد قوم ہیں، ٹرمپ کو دیوار کیلئے رقم نہیں دیں گے: صدر میکسیکو
میکسیکو سٹی (بی بی سی ڈاٹ کام+ اے ایف پی) میکسیکو کے صدر انریق پینا نیٹو نے قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ میکسیکو ڈونلڈ ٹرمپ کی دیوار کے اخراجات نہیں اٹھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہامریکہ کی جانب سے رکاوٹ کھڑی کرنے کی مذمت کرتے ہیں اور 'میکسیکو دیواریں کھڑی کرنے میں یقین نہیں رکھتا۔ تاہم اپنے خطاب میں انہوں نے 31 جنوری کو واشنگٹن کے دورے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات کو منسوخ کرنے یا ملتوی کرنے کے بارے میں بات نہیں کی۔ میں کئی بار کہہ چکا ہوں کہ میکسیکو کسی بھی دیوار کی تعمیر کے لیے رقم نہیں دے گا۔ یہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ہم شمالی امریکہ میں تعاون کے نئے قوانین، تجارت، سرمایہ کاری، سکیورٹی، امیگریشن کی بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا 'بطور صدر میں میکسیکو اور میکسیکنز کے حقوق کے دفاع کی پوری ذمہ داری لیتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ واشنگٹن میں میکسیکو کے حکام کی حتمی رپورٹ اور چیمبر آف کامرس، گورنرز وغیرہ کے مشورے کے بعد فیصلہ کریں گے کہ اگلا قدم کیا ہونا چاہئے۔