پنجاب میں صحت، تعلیم کا بجٹ ڈیڑھ ارب، 225 ارب اورنج ٹرین پر لگا دئیے : محمودالرشید
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) حمید نظامی پریس انسٹیٹیوٹ پاکستان میں ’’قومی مسائل اور میڈیا کی ترجیحات‘‘ کے موضوع پر سیمینار منعقد کیاگیا۔ سیمینار کی صدارت پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمودالرشید نے کی جبکہ مہمان خصوصی جماعت اسلامی کے عہدیدار ڈاکٹرفرید پراچہ تھے۔ سیمینار کا آغاز حمید نظامی پریس انسٹیٹیوٹ پاکستان کے ڈائریکٹر ابصار عبدالعلی نے شرکا کو استقبالیہ دیکر کیا۔ محمودالرشید نے کہا کہ پورے پنجاب کا صحت اور تعلیم کا بجٹ ایک ارب 50 کروڑ جبکہ 225 ارب روپے صرف اورنج ٹرین پر خرچ کئے جا رہے ہیں۔ میڈیا کو کرپشن کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ حکومت کو اپنی ترجیحات پر نظرثانی کرنا چاہیے۔ فرید پراچہ نے کہا کہ جب سے مودی بھارت کے وزیراعظم بنے ہیں انکا سارافوکس پاکستان پر ہے۔ کلبھوشن یادیو بھارت کیطرف سے پاکستان میں دہشتگردی پھیلا رہا تھا۔ کشمیر میں بھارتی فوج ناکام ہوگئی۔ کشمیری مسلمان مظ الم برداشت کر رہے ہیں لیکن پھربھی کشمیر بنیگا پاکستان کا نعرہ لگا رہے ہیں۔ لیکن ہمارے میڈیا نے اس کو اجاگر نہیں کیا۔ تعلیمی نصاب میں اسلامی اقدار کی بجائے عجیب و غریب موضوع شامل کردئیے گئے۔ 1974ء کے بعد سے ایک بھی ڈیم نہیں بنا۔ ہمارے پاس 30 دن کا پانی بھی ذخیرہ نہیں۔ ابصار عبدالعلی نے کہا کہ سٹینڈنگ کمیٹی کو اختیارات دئیے جائیں کہ وہ احتساب کر سکے۔ استثنیٰ کا قانون ختم کرنے سے کرپشن کم ہو سکتی ہے۔ قانون پر عمل کیا جائے۔ نظریہ ضرورت ختم کر دیا جائے۔ ایڈہاک ازم ختم کرنے سے کرپشن ہو سکتی ہے۔ معروف کالم نگار کرن وقار نے کہا کہ میڈیا پریس کی تربیت ہونا چاہیے چیک اینڈ بیلنس ہونا چاہیے۔ ریٹنگ کے چکر میں عوامی حقوق کو سبوتاژ کیا جا رہا ہے۔ بریکنگ نیوز کے نام پر عوام کو دل کے امراض میں مبتلا کیا جا رہا ہے۔